کابل پاکستان دشمن قوتوں کیخلاف کارروائی کرے،شہریار آفریدی

506

اسلام آباد (اے پی پی+آن لائن) وزیر مملکت برائے سیفران و انسداد منشیات شہر یار خان آ فریدی نے کہا ہے کہ وزیراعظم عمران خان نے افغان صدر کی درخواست پر بھارت کے لیے اپنی فضائی حدود کھول دی ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ افغانستان اپنے ہاں موجود ان قوتوں کے خلاف ایکشن لے جو پاکستان کو عدم استحکام سے دوچارکرنا چاہتی ہیں۔ جمعرات کو افغان صدر کے مشیر برائے نیشنل سیکورٹی کونسل سرور احمد زئی کے ہمراہ پشاور میں افغان مہاجرین کے کیمپ کے دورہ کے موقع پر افغان مہاجرین سے خطاب کرتے ہوئے وزیر مملکت نے کہا کہ وزیر اعظم عمران خان کا وژن ہے کہ جب تک افغانستان پر امن نہیں ہوگا پاکستان میں امن نہیں ہوسکتا۔ افغانستان ایک خودمختار ریاست ہے افغانستان میں امن ہمارا مشن ہے ۔افغانستان کے مسائل افغان حکومت اور افغان عوام حل کریںگے۔ پاکستان نے افغانستان کے اندرونی معاملات میں کبھی دخل اندازی نہیں کی۔ اب وقت آگیا ہے کہ افغان امن مذاکرات افغان ہی کریںگے۔ وزیر مملکت کا کہنا تھا کہ دشمن پاکستان اورافغانستان میں امن نہیں چاہتا، مشکلات کے بعد امن عمل شروع ہوچکا ہے،پاکستان افغانستان کی مدد کے لیے ہر وقت تیارہے، افغانستان کی سرزمین پاکستان کے خلاف استعمال نہ ہو۔ شہریار خان آفریدی نے کہا کہ پاکستان واحد ملک ہے جو اپنے بچوں کا نوالہ بھی تقسیم کر رہا ہے،حکومت نے افغان مہاجرین کو بینک اکاؤنٹ کھولنے کی اجازت دی۔وزیر مملکت برائے انسداد منشیات نے کہا کہ پاکستان اورافغانستان کو اب کوئی تقسیم نہیں کرسکتا، افغان مہاجرین کی واپسی کے لیے زبردستی نہیں کریں گے۔شہریار آفریدی نے کہا کہ افغان عوام سے درخواست ہے پاکستان کی نیکی کبھی نہ بھولنا۔یاد رہے کہ دو روز قبل بھارتی اخبار ٹائمز آف انڈیا نے افغان امن عمل سے بھارت کے مکمل طور پر باہر ہونے کو پاکستان کی سفارتی کامیابی تسلیم کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کے دورہ امریکا کو بھارت کے لیے پریشان کن قرار دیا تھا۔