بینظیر آباد،افسران کو بارش کے پیش نظر ہنگامی پلان کی ہدایت

169

نوابشاہ (ڈسٹرکٹ رپورٹر) کمشنر شہید بینظیرآباد ڈویژن سید محسن علی شاہ نے ڈویژن کے تمام متعلقہ افسران کو امکانی سیلاب و بارشوں کی پیش نظر انتظامات مکمل کرنے اور مربوط حکمت عملی کے تحت امکانی بارشوں وسیلاب سے نمٹنے کے لیے ہنگامی پلان تیار کرکے جمع کرانے کی ہدایت کی۔ انہوں نے یہ بات ڈپٹی کمشنر آفس شہید بینظیر آباد میں امکانی بارشوں وسیلاب کے پیش نظر انتظامات کا جائزہ لینے کے لیے منعقدہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کہی۔ کمشنر نے تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ امکانی بارشوں وسیلاب کے پیش نظر اپنی حکمت عملی میں بچاؤ بندوں کی صورتحال، مشینری کی موجودگی، امکانی کیمپوں سمیت دیگر ضروری انتظامات کے متعلق رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضروری انتظامات بارشوں سے قبل مکمل کیے جائیں جبکہ تیز بارشوں اور امکانی سیلاب کے پیش نظر ریسکیو اور ریلیف کے انتظامات کو بھی حتمی شکل دی جائے۔ کمشنر نے محکمہ آبپاشی کے افسران پر زور دیا کہ وہ دریائے سندھ کے کمزور حفاظتی پشتوں کی نشاندہی کریں اور ان کی مرمت و پچنگ کے کام کو یقینی بنانے کے ساتھ ساتھ زمینداری بند کو فوری ختم کیا جائے۔ انہوں نے تمام ڈپٹی کمشنرز کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنے ضلع کی حدود میں بچاؤ بندوں کا دورہ کرکے رپورٹ ارسال کریں۔ کمشنر سید محسن علی شاہ نے اجلاس کے دوران محکمہ آبپاشی کے افسران کو ہدایات کرتے ہوئے کہا کہ امکانی بارشوں وسیلاب کے پیش نظر نہروں اور سیم نالوں کی صفائی کو یقینی بنایا جائے اور تمام اضلاع میں نکاسی آب کی مشینری کو درست حالت میں رکھا اور خراب مشینری کی فوری طور پر مرمت کرکے فعال بنایا جائے۔ اس سے قبل تینوں اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز نے کمشنر کو اپنے اپنے اضلاع میں امکانی بارشوں وسیلاب کے پیش نظر کیے گئے انتظامات کے متعلق آگاہی دی۔ اس موقع پر پولیس، تعلیم، صحت، آبپاشی، لائیو اسٹاک اور سماجی تنظیموں کے نمائندوں نے امکانی بارشوں وسیلاب کے انتظامات کے متعلق کمشنر کو بریفنگ دی اور اپنے تعاون کا یقین دلایا۔ اجلاس میں ڈپٹی کمشنر شہید بینظیرآباد ابرار احمد جعفر، ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نثار احمد میمن، ڈپٹی کمشنر نوشہرو فیروز کیپٹن (ر) راؤ بلال، ڈسٹرکٹ ہیلتھ افسران، تمام اسسٹنٹ کمشنرز، انفارمیشن آفیسر شیر محمد جمالی، رینجرز، فاریسٹ، لوکل گورنمنٹ سمیت دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔