بچوں کے قتل میں پولیس کی لاپروائی اور غفلت شامل ہے، جان محمد جونیجو

144

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) جی او آر کالونی حیدر آباد سے اغوا کے بعد بے دردی سے قتل ہونے والی رخسانہ اور اس کے بھائی قادر بخش سیال کے قتل میں ملوث ملزمان کو سخت سزادلوانے کے لیے سندھ عوامی فورم کے تحت ریلی نکالی اور پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اس موقع پر جان محمد جونیجو‘ امر شی ٹھاکر ودیگر نے کہاکہ معصوم بچوں کے ساتھ پیش آنے والے واقعہ میں پولیس کی لاپرواہی اور غفلت شامل ہے اس لیے کہ پولیس کو زخمی قادر بخش نے بیان دیا کہ میری معصوم بہن وحشی درندوں کی قید میں ہے، اس کے باوجود پولیس نے کوئی کارروائی نہیں کی۔ انہوں نے کہا کہ حیدر آباد سمیت سندھ بھر میں روزانہ معصوم بچوں کے ساتھ درندگی کے واقعات پیش آرہے ہیں لیکن ان سنگین واقعات کی روک تھام کے لیے سندھ حکومت نے اب تک کوئی قانون سازی نہیں کی، جس کی وجہ سے شہریوں میں شدید خوف پایا جاتا ہے۔ ایسے واقعات کی روک تھام کے لیے سختی سے قانون پر عمل درآمد کرایا جائے۔