ترکی: مہاجرین کی بس اور کشتی کو حادثہ‘ 16ہلاک‘ 9لاپتا

370
ترکی: کھائی میں گرنے والی منی بس سے تارکین وطن کی لاشیں نکالی جارہی ہیں
ترکی: کھائی میں گرنے والی منی بس سے تارکین وطن کی لاشیں نکالی جارہی ہیں

انقرہ (انٹرنیشنل ڈیسک) ترکی کے مشرقی حصے میں ایرانی سرحد کے قریب تارکین وطن کو لے جانے والی ایک منی بس الٹنے سے کم ازکم 16 افراد ہلاک اور 28 زخمی ہو گئے۔ ترک میڈیا کے مطابق واقعہ صوبہ وان کے شہر اوزالپ کے قریب اس وقت پیش آیا، جب ایک منی بس کھائی میں جاگری۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والوں کا تعلق پاکستان، افغانستان اور بنگلادیش سے ہے، جب کہ متاثرین میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ خیال ہے کہ ڈرائیور کے بس کا کنٹرول کھونے کے نتیجے میں یہ حادثہ ہوا۔ منی بس میں گنجایش سے دو گنا افراد سوار تھے۔ واضح رہے کہ حالیہ چند برسوں میں ترکی پہنچنے والے غیرقانونی تارکین وطن کی تعداد میں اضافہ ہوا ہے۔ پاکستان اور افغانستان کے غیر قانونی تارکین وطن براستہ ترکی یورپ پہنچنے کی کوشش کرتے ہیں۔ یورپ کے سہانے خواب لیے سیکڑوں پاکستانی شہری بھی انہی راستوں پر چلتے ہوئے موت کے منہ میں جا چکے ہیں۔ ترکی سے یونان تک کا راستہ بھی انتہائی خطرناک تصور کیا جاتا ہے اور بعض تارکین وطن راستے میں ہی ہلاک ہو جاتے ہیں۔ دوسری جانب ترکی کے مغربی ساحل کے قریب سمندر میں مہاجرین کی ایک کشتی ڈوبنے سے کم از کم 9 افراد لا پتا ہیں۔ ترک کوسٹ گارڈز کے مطابق بودرم کے ساحل کے قریب ڈوبنے والی اس کشتی کے 31 دیگر مسافروں کو بچا لیا گیا ہے۔ یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والی اس کشتی پر کل 40 افراد سوار تھے۔ ترکی سے غیر قانونی طور پر یورپ پہنچنے کی کوشش کرنے والے تارکین وطن اکثر ربڑ کی کشتیوں کے ذریعے سمندر پار کرنے کی کوشش کرتے ہیں۔