مریم عدالت میں پیش ہوں‘ ثابت کریں ہم ڈرنے والے نہیں، نواز شریف

227

لاہور (آن لائن) سابق وزیراعظم نواز شریف نے اپنی صاحبزادی مریم نواز سے کہا ہے کہ وہ احتساب عدالت میں پیش ہوکر ثابت کریں کہ ہم گھبرانے والے نہیں ہیں، انہوں نے شہباز شریف کے وزیراعظم عمران خان اور شہزاد اکبر کے خلاف عدالت جانے کے فیصلے کو بھی سراہا۔ سابق وزیراعظم نواز شریف کی مریم نواز اور شہباز شریف سے ملاقات کی اندرونی کہانی سامنے آگئی ہے۔ ذرائع کے مطابق سابق وزیراعظم نے جیل میں ہفتہ وار ملاقات کے دوران اپنی بیٹی اور بھائی سے گفتگو میں حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ عمران خان دورہ امریکا سے پہلے ہی ٹرمپ کی خوشنودی میں مصروف ہیں۔ 3 گھنٹے تک ہونے والی ملاقات میں مریم نواز نے سابق وزیراعظم نواز شریف کو بتایا کہ وہ فیصل آباد ریلی کی تیاریوں میں مصروف ہیں۔ شہباز شریف نے سیاسی صورت حال اور آئندہ کے پارٹی لائحہ عمل پر ن لیگی قائد کو بریف کیا۔ نواز شریف نے بیٹی کو حوصلہ نہ ہارنے کی تلقین کی اور یہ بھی کہا کہ احتساب عدالت میں پیش ہوکر ثابت کریں کہ ہم ڈرنے والے نہیں ہیں۔ سابق وزیراعظم نواز شریف نے مریم نواز کو 25 جولائی کو یوم سیاہ بھرپور طریقے سے منانے کی ہدایت بھی کر دی۔ ن لیگی رہنماؤں کو ایک بار پھر پارٹی قائد سے ملنے کی اجازت نہ ملی تاہم جیل کے باہر کارکن حکومت کے خلاف سراپا احتجاج رہے۔