ادارے قانون کی بالادستی یقینی بنائیں حکومت مداخلت نہیں کرے گی،وزیراعظم

197
لاہور: وزیراعظم عمران خان سے لاہور چیمبر آف کامرس کا وفد ملاقات کررہاہے
لاہور: وزیراعظم عمران خان سے لاہور چیمبر آف کامرس کا وفد ملاقات کررہاہے

لاہور(نمائندہ جسارت) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ ادارے قانون کی بالادستی کو یقینی بنائیں، حکومت مداخلت نہیں کرے گی۔جمعرات کو وزیراعظم نے لاہور کا دورہ کیا جہاں ان سے لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے نمائندگان نے ملاقات کی ۔ تاجر رہنماؤں و صنعت کاروں نے عمران خان کو انڈسٹریل زوننگ، کاروبار کو سہل بنانے اور کاروباری طبقے کو درپیش مسائل کے حوالے سے آگاہ کیا اور وزیراعظم کوانڈسٹری پرلگائے گئے ٹیکسز پر اپنے تحفظات پیش کیے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ انڈسٹری کے فروغ کے لیے اقدامات اٹھا رہے ہیں، جب تک ٹیکس کانظام درست نہیں ہوگا،آگے نہیں بڑھ سکتے، مشکل حالات میں مشکل فیصلے کرنے پڑتے ہیں، ملک اس وقت مشکل حالات میں ہے تاجر اورعوام ہمارا ساتھ دیں۔ عمران خان نے کاروبار میں آسانی اور کاروباری طبقے کو سہولیات کی فراہمی کے حوالے سے حکومتی اقدامات سے شرکاء کو آگاہ کیا اور کہا کہ جلد ہی کاروباری حضرات اس ضمن میں حکومتی کاوشوں کے نتائج سے فائدہ اٹھائیں گے۔وزیر اعظم نے دورہ لاہور کے دوران وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار اور گورنر پنجاب چودھری محمد سرور سے الگ الگ ملاقات کی اور اہم صوبائی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ وزریراعظم نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کو ہدایت کی ہے کہ وہ عوام کو ریلیف فراہم کرنے، مہنگائی پر قابو پانے اور ذخیرہ اندوزوں کے خلاف فوری اقدامات کریں۔گورنر پنجاب چودھری محمد سرور نے وزیر اعظم سے ملاقات کے دوران کرتار پور راہداری، مذہبی سیاحت کے فروغ، 31 اگست کا بین الاقوامی سکھ کنونشن کے بارے میں بریف کیا۔علاوہ ازیں وزیر اعظم کو کمشنر لاہور کی جانب سے لاہور رنگ روڈ(جنوبی)و دیگر ترقیاتی منصوبوں پر بریفنگ دی گئی،اجلاس میں لاہور شہر میں درختوں کی تعداد میں بتدریج کمی، زیرِ زمین پانی کی سطح کے گرنے، آبادی میں مسلسل اضافے کے باوجود سیوریج نظام پر عدم توجہ سڑکوں کی ٹوٹ پھوٹ اور انفرااسٹرکچر کے حوالے سے پیدا ہونے والے مسائل کے حل کے لیے مختلف تجاویز پیش کی گئیں۔ وزیر اعظم نے صورتحال پر قابو پانے، خصوصا ماحولیاتی آلودگی کے چیلنج سے نمٹنے اور شہریوں کو صاف پانی کی فراہمی کے حوالے سے فوری اقدامات اٹھانے کی ہدایت کی۔