دہشت گردوں کی مالی معاونت کا الزام حافظ سعید کا 7 روزہ جسمانی ریمانڈ

217

گوجرانوالہ (صباح نیوز)گوجرانوالہ کی خصوصی عدالت نے کالعدم جماعت الدعو ۃ کے سربراہ حافظ سعید کا 7روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کرلیا،محکمہ انسداد دہشت گردی (سی ٹی ڈی)پنجاب نے حافظ سعید کو دہشت گردوں کی مالی معاونت کے الزام میں گوجرانوالہ جاتے ہوئے گرفتار کیاتھا۔ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق حافظ سعید کو گرفتار کرکے انسداد دہشت گردی عدالت گوجرانوالہ میں پیش کیا گیا۔انہوں نے بتایا کہ سی ٹی ڈی پنجاب کی جانب سے 14 روزہ ریمانڈ کی استدعا پر عدالت نے 7روزہ جسمانی ریمانڈ منظور کر لیا اور انہیں تحقیقات مکمل کر کے چارج شیٹ جمع کرانے کی ہدایت کر دی۔محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے مطابق کالعدم جماعت الدعوۃ ، لشکرِ طیبہ اور فلاحِ انسانیت فائونڈیشن کے معاملات میں بڑے پیمانے پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا۔حافظ سعید نے منڈی بہاالدین کے علاقے ملکوال میں کالعدم تنظیم کو دینے کے لیے جگہ بھی حاصل کی ،ملکوال کے رہائشی محمد علی نے کالعدم تنظیم کو 18 مرلے اراضی عطیہ کی تھی جس پر زمین عطیہ کرنے والے محمد علی کے علاوہ کالعدم جماعت الدعوۃ کے ٹرسٹیز حافظ سعید، امیرحمزہ، عبدالغفار، ملک ظفراقبال اور حافظ مسعود کے خلاف تھانہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ میں مقدمہ درج کیا گیا۔ایف آئی آر کے مطابق کالعدم تنظیم کے لیے جائداد لینا اور دینا دونوں جرم ہیں جس پر قانونی کارروائی کی گئی۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب کے شہباز گل نے بتایا کہ حافظ سعید کو غیرقانونی چندہ اکٹھا کرنے اور ادارے چلانے پر گرفتار کیا گیا۔امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے حافظ سعید کی گرفتاری کا خیرمقدم کیا ہے، ٹوئٹر پیغام میں انہوں نے کہا کہ دس سال سے حافظ سعید کی تلاش تھی، یہ ایک بڑی کامیابی ہے۔