معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے،وزیراعظم

397

وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے، مشکل حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی، مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود کمزور طبقوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے۔

وزیر اعظم عمران خان سے معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے ملاقات کی جس میں سیکرٹری اطلاعات زاہدہ پروین، پرنسپل انفارمیشن آفیسر طاہر خوشنود اور وزارت اطلاعات کے دیگر سینئر افسران بھی شریک تھے ۔

معاون خصوصی ڈاکٹر فردوس عاشق نے حکومتی ریفارم ایجنڈے کو عوام میں اجاگر کرنے کے لیے وزارت اطلاعات کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف اقدامات سے وزیر اعظم کو آگاہ کیا ۔

 وزیر اعظم نے شرکا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ حکومت نے مشکل حالات میں حکومت کی باگ ڈور سنبھالی، انہوں نے کہا کہ حکومت نے معاشی استحکام اور ملک کے وسیع تر مفاد میں مشکل فیصلے کیے۔ گذشتہ دس ماہ میں حکومت نے سماجی، معاشی واقتصادی اور انتظامی شعبوں میں جو اصلاحات متعارف کرائی ہیں ماضی میں انکی نظیر نہیں ملتی۔

 انہوں نے کہا کہ ہم نے ریاست مدینہ کے ماڈل کو سامنے رکھتے ہوئے مشکل ترین معاشی حالات کے باوجود کمزور اور غریب طبقوں کی بہتری کے لیے اقدامات کیے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے شروع کیا جانے والا احساس پروگرام ، پناہ گاہوں کی تعمیر ، بے گھر افراد کو اپنا ذاتی گھر دلوانے کا منصوبہ و دیگر فلاحی اقدامات پاکستان کی عوام سے کیے گئے وعدے کی جانب عملی پیش رفت ہے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ عوام الناس کو حکومت کی پالیسیوں سے آگاہ کرنے اور ملک و قوم کے وسیع تر مفادات میں اٹھائے گئے اقدامات کو اجاگر کرنے میں وزارت اطلاعات کا کلیدی کردار ہے۔ وزیر اعظم نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات میڈیا کی معاونت سے عوام الناس تک صحیح معلومات پہنچانے اور منفی پراپیگنڈے کو بے نقاب کرنے میں اپنا کردار مزید موثر طریقے سے ادا کرے۔

وزیر اعظم نے کہا کہ حکومتی اداروں میں سزا و جزا کی روایت کو مضبوط کرنا حکومتی اصلاحاتی ایجنڈے کا اہم جزو ہے۔ انہوں نے ہدایت کی کہ وزارت اطلاعات کے مختلف شعبوں کو مزید متحرک کیا جائے تاکہ عوام تک معلومات بہم پہنچانے اور حکومتی ریفارمز ایجنڈے کو اجاگر کرنے کے عمل میں مزید بہتری لائی جا سکے۔