دفاعی صنعت کو خود کفیل بنانے کیلئے نجی شعبے کی ضرورت ہے، آرمی چیف

174

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ دفاعی صنعت کو خود کفیل بنانے کیلئے نجی شعبے کی شراکت بڑھانے کی ضرورت ہے،ہماری دفاعی صنعت کو مکمل طور پر ایک مربوط نجی شعبہ درکار ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ( آئی ایس پی آر )کے مطابق آرمی آڈیٹوریم میں دفاعی پیداوار کے حوالے سے دو روزہ قومی سیمینار ہوا جس میں دفاعی پیداوار کی صنعت کو درپیش چیلنجوں کا احاطہ کیا گیا۔ سیمینار میں وزارتوں، سرکاری و نجی اداروں، چیمبر آف کامرس اور دفاعی پیداواری اداروں کی نمائندوں نے شرکت کی اور دفاعی پیداوار کے شعبے میں پبلک پرائیویٹ شراکت داری کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا۔

وفاقی وزرا زبیدہ جلال اور فواد چودہری نے دفاعی صنعت کے فروغ کیلئے تجاویز دیں اور وزیراعظم کے مشیر تجارت عبدالرزاق داد نے قومی سلامتی میں دفاعی صنعت کی اہمیت پر روشنی ڈالی۔

 دو روزہ سیمینار میں پرائیویٹ سیکٹر کی حوصلہ افزائی اور ڈیجیٹل پارکس کے قیام سمیت حکومت کو پالیسی سطح پر سفارشات پیش کی گئیں جبکہ وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں ٹاسک فورس کے قیام کی تجویز بھی دی گئی۔

آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے شرکا کا قیمتی وقت دینے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ دفاعی صنعت کو خود کفیل بنانے کیلئے نجی شعبے کی شراکت بڑھانے کی ضرورت ہے اور ہماری دفاعی صنعت کو مکمل طور پر ایک مربوط نجی شعبہ درکار ہے۔