یورپی سرمایہ کار پاکستان میں فائدہ اٹھائیں‘عبدالرزاق داؤد

113

اسلام آباد (اے پی پی) وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت، ٹیکسٹائل، صنعت و پیداوار اور سرمایہ کاری عبدالرزاق دائود سے پاکستان میں تعینات یورپی یونین کے سفیر جین فرینکوئس نے ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے ملاقات میں باہمی دلچسپی کے امور اور پاکستان یورپی یونین کے تعلقات پر تبادلہ خیال کیا۔ 2014ء سے جی ایس پی پلس ا سکیم کے تحت پاکستانی برآمدات کو یورپی یونین کے 28 ممبر ممالک میں
ڈیوٹی فری رسائی حاصل ہے۔ 2013ء میں یورپ کو پاکستانی برآمدات کا حجم 4.54 بلین یورو تھا جو جی ایس پی پلس ا سٹیٹس سے تقریباً 51.62 فیصد کی شرح سے بڑھ کر 2018ء میں 6.88 بلین یورو ہو گیا ہے۔ مشیر تجارت نے یورپی یونین کے سفیر کو پاکستان میں سرمایہ کاری کے مواقع سے آگاہ کیا اور بتایا کہ موجودہ حکومت پاکستان میں سرمایہ کاری کے فروغ کیلیے بیرونی سرمایہ کاروں کو ہر ممکن سہولت فراہم کر رہی ہے۔ اس موقع پر انہوں نے یورپی یونین کے سفیر کو بتایا کہ پاکستان میں سرمایہ کاری کے بہترین مواقع ہیں اور یورپی سرمایہ کار پاکستان میں سرمایہ کاری سے فائدہ اٹھائیں۔ اس موقع پر یورپی یونین کے سفیر نے بتایا کہ جی ایس پی پلس سے پاکستانی برآمدی شعبے کو فائدہ ہوا ہے اور پاکستان اپنی برآمدی مصنوعات میں مختلف اشیاء، ویلیو ایڈیشن اور کاروباری افراد کے مابین روابط بڑھانے سے یورپ کو پاکستان کی برآمدات بڑھانے میں کارآمد ثابت ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ مشیر تجارت یورپی یونین کے پارلیمنٹ کا دورہ کرکے مواقع تلاش کرکے ان سے مزید فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ دونوں رہنماؤں نے پاکستان۔یورپی یونین معاشی تعاون پر اظہار اطمینان اور اس کو مزید بڑھانے پر بھی اتفاق کیا۔
عبدالرزاق داؤد