چئیرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد ووٹنگ آئندہ ہفتے ہوگی،سنجرانی کی ظفر الحق سے ملاقات

131

اسلام آباد (آن لائن+ صباح نیوز) سینیٹ میں اپوزیشن جماعتوں کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس آج جمعرات کو اپوزیشن لیڈر راجا ظفر الحق کی زیر صدارت پارلیمنٹ ہاؤس میں ہوگا،اجلاس میں پارلیمانی معاملات کا جائزہ لیا جائے گا اور چیئرمین سینیٹ کو ہٹانے کی حکمت عملی واضح کی جائے گی ۔علاوہ ازیں پاکستان مسلم لیگ ن کے سینیٹرپروفیسرساجد میر سمیت3 ارکان سینیٹ ہنگامی طور پر پاکستان واپس پہنچ گئے، باقی 3 ارکان بھی ایک دوروز میں وطن واپس پہنچ جائیں گے، ان میں سینیٹر لیفٹیننٹ جنرل (ر) عبدالقیوم خان، سینیٹر چودھری تنویر اورسینیٹر حافظ عبدالکریم شامل ہیں، چیئرمین سینیٹ کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے کے موقع پر اپوزیشن کی بڑی جماعت کے 6 ارکان سینیٹ ملک سے باہر تھے ۔ ذرائع کے مطابق مسلم لیگ ن کے تمام 30ارکان چیئرمین سینیٹ
کیخلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر رائے شماری پر حصہ لیتے ہوئے رہبر کمیٹی کے فیصلے کی پاسداری کریں گے۔مزید برآںچیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کو عہدے سے ہٹانے کے لیے ان کے خلاف اپوزیشن کی جانب سے پیش کی گئی تحریکِ عدم اعتماد پر ووٹنگ آئندہ ہفتے ہوگی۔ رپورٹ کے مطابق سینیٹ سیکرٹریٹ سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن میں کہا گیا کہ صادق سنجرانی آئندہ اجلاس کی سربراہی نہیں کرسکیں گے۔ ذرائع نے بتایا کہ آئندہ ہفتے ہونے والے سینیٹ اجلاس کا ایجنڈا چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سلیم مانڈوی والا کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر مشتمل ہوگا۔ادھربدھ کو چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی نے اپوزیشن لیڈر راجا ظفر الحق سے ون ٹو ون ملاقات کی ۔ بعد ازاں ہنگامی طور پر مشاورت کے لیے چیئرمین سینیٹ کے امیدوار میر حاصل بزنجو کو بھی بلوا لیا گیا ۔سینیٹ اجلاس کے با رے میں مشاورت کی گئی ملاقات آدھے گھنٹے تک جاری رہی ۔ ملاقات کے بعد میڈیا کے استفسار پر چیئرمین سینٹ صادق سنجرانی نے کہا کہ کیا اب اپوزیشن سے ہاتھ بھی نہیں ملا سکتے۔ انہوں نے مزید گفتگو کرنے سے گریز کیا۔ اپوزیشن لیڈر راجا ظفر الحق نے میڈیا کے استفسار پر کہا کہ چیئرمین سینیٹ کے خلاف تحریک عدم اعتماد کو واپس نہیں لیا جا رہا ہے نہ کسی نے اس حوالے سے کوئی مشورہ کیا ہے ۔ چیئرمین سینیٹ اجلاس کے سلسلے میں مشورہ کرنے آئے تھے۔ میں نے تمام پارلیمانی لیڈرز سے رابطوں کا مشورہ دیا ہے کسی جگہ تحریک کی واپسی کی بات نہیں ہوئی ۔
تحریک عدم اعتماد