محکمے کی غفلت کے باعث ٹرینوں کا آپریشن بحال نہ ہوسکا

190

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) محکمہ ریلوے کی بدانتظامی اور حادثات سے ٹرینوں کی آمد و رفت شدید متاثر ہے، ریلوے حکام ٹرین
آپریشن کو معمول پر لانے میں ناکام رہے ہیں جس سے مسافروں کو انتظار کی کوفت اور اذیت کا سامنا ہے۔ تفصیلات کے مطابق محکمہ ریلوے کی غفلت کے باعث ٹرینوں کا آپریشن تاحال معمول پر نہیں آسکا ہے۔ ٹرینوں کی آمد و رفت میں گھنٹوں تاخیر سے اسٹیشنوں پر مسافروں کا رش نظر آنا معمول بن گیا ہے۔ ریلوے کا عملہ بھی درست معلومات فراہم کرنے سے قاصر ہے، انکوائری کا نمبر بھی نہیں ملتا۔ ریلوے ذرائع کے مطابق اندرون ملک سے ٹرینیں تاخیر سے کراچی پہنچ رہی ہیں۔ ٹرینیں2 سے3 گھنٹوں کی تاخیر سے مسافروں کو لے کر روانہ ہوتی ہیں۔ ریلوے حکام کی غفلت نے مسافروں کے سفر کو مایوس کن بنا دیا ہے۔ دوسری جانب حیدرآباد سے روہڑی کے درمیان سگنل خراب ہونے کا انکشاف ہوا ہے، ڈرائیوروں نے سگنل خرابی پر تحریری ہدایت کے بغیر ٹرین چلانے سے انکار کر دیا ہے۔ حیدرآباد اور سکھر کے قریب سگنل کی خرابی پر2 ٹرینیں حادثے سے بال بال بچیں، ڈرائیوروں نے حاضر دماغی دکھاتے ہوئے بریک لگائے۔ حیدرآباد کے قریب ٹرین ڈرائیور نے سنگل فلیش ہوتے دیکھا تو فوری ایمرجنسی بریک لگائے، ڈرائیور گاڑی آگے لے جاتا تو حادثہ ہو سکتا تھا۔ یہی صورت حال سکھر کے قریب بھریا روڈ پر پیش آئی، سرسید ایکسپریس کے ڈرائیور نے خطرہ محسوس کر کے بریک لگا دیے، اسسٹنٹ اسٹیشن ماسٹر نے شکایت لینے سے انکار کردیا۔
ٹرین آپریشن