اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم او آٹے کی برآمد پر پابندی لگادی

151

اسلام آباد(نمائندہ جسارت)کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی (ای سی سی) نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے گندم اور گندم کے آٹے کی برآمد پر پابندی عاید کر دی ہے جبکہ روٹی اور گندم کی مصنوعات کی قیمتوں میں حالیہ اضافے کے رجحان کے کنٹرول کے لیے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی ہے، درآمد شدہ یوریا کے 50 کلوگرام تھیلے کی قیمت 1800 روپے مقرر کرنے کی منظوری دی ہے جو سونا یوریا سے 166 روپے کم ہے۔ بدھ کو ای سی سی کا اجلاس وزیراعظم کے مشیر برائے خزانہ و ریونیو ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت منعقد ہوا،جس میں وزیر قومی خوراک و تحقیق صاحبزادہ محمد محبوب سلطان،وزیر منصوبہ،ترقی و اصلاحات مخدوم خسرو بختیار، وزیر نجکاری محمد میاں سومرو، وزیر ریلوے شیخ رشید احمد، وزیراعظم کے مشیر برائے تجارت عبدالرزاق دائود، مشیر برائے ادارہ جاتی اصلاحات ڈاکٹر عشرت حسین، وزیراعظم کے خصوصی مشیر برائے پیٹرولیم ندیم بابر، گورنر اسٹیٹ بینک رضا باقر اور چیئرمین سرمایہ کاری بورڈ زبیر گیلانی نے شرکت کی۔ وزارت قومی فوڈ سیکورٹی و ریسرچ کی جانب سے ملک میں گندم کی صورتحال پر اجلاس میں رپورٹ پیش کی گئی۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ ملک میں آبادی کی ضرورت پوری کرنے کے لیے گندم کی وافر مقدار دستیاب ہے۔ اجلاس کو بتایا گیا کہ اس سال گندم کی جو مقدار خریدی گئی ہے وہ گزشتہ سال کی نسبت 33 فیصد کم ہے۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے گندم اور آٹے کی قیمتوں میں حالیہ اضافے پر تشویش کا اظہار کیا۔ ای سی سی نے گندم اور گندم کے آٹے کی برآمد پر پابندی عاید کرتے ہوئے مقامی مارکیٹوں میں روٹی اور گندم کی دیگر مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کے رجحان کو صوبوں کے ساتھ مل کر کنٹرول کرنے کے لیے نیشنل پرائس مانیٹرنگ کمیٹی کا اجلاس طلب کرنے کی ہدایت کی جس میں ان قیمتوں کو کنٹرول کرنے کے لیے اقدامات تجویز کیے جائیں۔
گندم پابندی