وزیراعلیٰ سیلاب کے سدباب کے بجائے ٹیکسی ڈرائیور بنگئے،ڈاکٹر طارق سلیم

188

راولپنڈی (وقائع نگار خصوصی) امیر جماعت اسلامی پنجاب ڈاکٹر طارق سلیم نے کہا کہ وفاق سمیت صوبوں کے حکمران مزاحیہ کردار ہیں، اپنی نااہلی کو کریڈٹ بنا کر پیش کرنے والوں کی عقل پرماتم ہی کیا جاسکتا ہے، موسم برسات سے قبل نشیبی علاقوں میں سیلاب کے سدباب کے لیے اقدامات کے بجائے پانی میں ڈوبی لاہور کی سڑکوں پر کیمرہ سیشن اور خواتین کو ٹیکسی سروس دینا وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی ذمے داری نہیں، حکمرانوں نے پاکستان کو پوری دنیا میں مذاق بنا دیا۔ کپتان عوام کو ریلیف دینے کے بجائے عذاب بن گئے۔ جماعت اسلامی 19 جولائی کو لیاقت باغ راولپنڈی میں عظیم الشان اور تاریخی عوامی مارچ منعقد کرے گی، جس میں مرد و خواتین، نوجوان اور بچے شریک ہوں گے۔ عوامی مارچ کی تیاریوں کے سلسلے میں منعقدہ ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے امیر صوبہ نے کہا کہ قوم نے بھٹو کی بیٹی اور داماد ناکام ہوتے دیکھا، نواز شریف اور پرویز مشرف ناکام ہوئے اور اب قوم کو ٹرک کی بتی کے پیچھے لگا کر انہیں گھٹا ٹوپ اندھیروں میں دھکیلنے والے، نواز و زرداری اور پرویز مشرف کے وزراء اور ممبران اسمبلی کو ساتھ ملا کر حکومت بنانے والے کپتان عوام کو ریلیف دینے کے بجائے ان کے لیے عذاب بن چکے۔ قوم کے مسائل اور دکھوں کا علاج صرف اسلامی نظام میں ہے، جس کے نفاذ کی صلاحیت جماعت اسلامی کی دیانتدار اور اہل قیادت کے پاس ہے۔ قوم نے سب کو آزما لیا لیکن سانپوں نے ہمیشہ عوام کو ڈسا اب قوم کے پاس جماعت اسلامی کے علاوہ کوئی آپشن نہیں، راولپنڈی و اسلام آباد کے عوام 19 جولائی کو گھروں سے نکلیں اور عوام پر مہنگائی وبے روزگاری مسلط کرنے والے آئی ایم ایف کی غلامی میں جکڑے حکمرانوں کیخلاف امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق کے شانہ بشانہ احتجاجی مارچ میں حصہ لیں۔