شیخوپورہ بودسیدہ چھت گرنے سے ایک ہی خاندان کے 5 افراد جاں بحق

134

شیخوپورہ، میرپور خاص، سکھر (این این آئی، نمائندگان جسارت) شیخو پورہ کے علاقے کوٹ عبدالمالک میں تین منزلہ گھر کی بوسیدہ چھت گرنے سے میاں بیوی اور پانچ بچے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوگئے، ریسکیو نے امدادی کارروائیوں کے بعد ملبے تلے دبی ہوئی لاشیں باہر نکال لیں۔ بتایا گیا ہے کہ فضل پورہ میں تین منزلہ مکان کی چھت زوردار دھماکے سے گر گئی۔ واقعہ کی اطلاع پر ریسکیو 1122 اور دیگر امدادی ٹیموں نے موقع پر پہنچ کر ملبے تلے دبے افراد کو نکالنے کی کوششیں شروع کردیں۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق دو دن سے وقفہ وقفہ سے ہونے والی بارشوں کی وجہ سے بوسیدہ چھت کمزور ہوتی گئی جو رات کو گرگئی۔ جاں بحق ہونے والوں میں میاں بیوی اور ان کے 5 بچے شامل ہیں۔ مرنے والوں کی شناخت 5 سالہ بیت اللہ، 7 سالہ عبداللہ، 10 سالہ علشبہ، 13 سالہ بسمہ، 16 سالہ مقدس، کامران اور کوثر بی بی کے نام سے ہوئی ہے۔ ریسکیو نے ہیوی مشینری کے استعمال کے بعد ملبے سے لاشیں نکال لیں۔ متوفی کامران محنت مزدوری کر کے بچوں کی پرورش کر رہا تھا اور پانچوں بچے بچیاں مختلف اسکولوں میں زیر تعلیم تھے۔ واقعہ کے وقت تمام لوگ ایک ہی کمرہ میں سوئے ہوئے تھے کہ بالائی منرل کے کمرہ کی چھت نیچے کمرے کی چھت پر گری جس سے تین مرلہ مکان زمین بوس ہوگیا۔ میرپورخاص میں سوتیلے بیٹوں نے سوتیلی ماں اور بھائی کو تشدد کا نشانہ بنانے کے بعد گھر اور دو ایکڑ زرعی زمین پر قبضہ کرلیا۔ ٹنڈوالہٰیار پولیس کا بااثر افراد کیخلاف مقدمہ درج کرنے سے انکار، ماں بیٹے کا میرپور خاص پریس کلب پر بااثر افراد کیخلاف احتجاج، حکام بالا سے انصاف کی اپیل۔ ٹنڈوالہٰیار گوٹھ غلام علی لغاری مسن کے رہاشی رجب علی ولد دودو اور اس کی والدہ نے میرپورخاص پر یس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے رجب علی نے بتایا کہ اس کے سوتیلے بھائیوں اسحاق ولد دودو، سجاد نور محمد، علی محمد ولد دودو نے سجاد، خالد، منیر اور دیگر کے ہمراہ ہمارے گھر پر حملہ کر کے گھر میں موجود تین لاکھ روپے قربانی کے جانور اور دیگر سامان لوٹ کر لے گئے جبکہ انہوں نے ہماری دو ایکڑ زرعی زمین پر بھی قبضہ کرلیا ہے۔ انہیں ٹنڈوالہٰیار کے بااثر افراد کی حمایت حاصل ہے، جس کی وجہ سے مقامی پولیس ان کیخلاف مقدمہ درج نہیں کررہی ہے۔ انہوں نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ ہمارے ساتھ ظلم کرنے والوں کیخلاف مقدمہ درج کیا جائے اور ہمیں انصاف فراہم کیا جائے۔ سکھر روہڑی کے قومی شاہراہ پر پنوعاقل سے خیرپور جانیوالی تیز رفتار کار اور ٹرالر میں تصادم، ایک ہی خاندان کے بچے اور خاتون موقع پر جاں بحق اور دو افراد زخمی، کار سوار میں 5 سالہ جوگر مک داس اور 47 سالہ گنگا بائی کو اسپتال میں منتقل کردیا گیا ہے۔ پولیس نے ٹرالر اور ڈرائیور کو حراست میں لے لیا۔ ایس ایس پی سکھر عرفان علی سموں کی ہدایات پر پولیس کا ایکٹو کرمنل، موٹر سائیکل چور، سماجی برائیوں میں ملوث افراد کیخلاف کریک ڈاؤن، مختلف کارروائیوں میں منشیات، شراب، جواری، بکی ڈیلرز سمیت 21 ملزمان گرفتار۔ شراب، منشیات، اسلحہ، مسروقہ موٹر سائیکل سمیت دیگر سامان برآمد کرلیا گیا۔ پولیس ترجمان کے مطابق ائر پورٹ پولیس نے خفیہ اطلاع پر بچل شاہ کے علاقے میں کارروائی کرکے آکڑا ڈیلر عبدالخالق ملک کو گرفتار کرکے آکڑا بکس، نقدی برآمد کرلی۔ آباد پولیس نے سندھ سوسائٹی کے علاقے میں چھاپے کے دوران ملزم غلام نبی کو گرفتار، بھاری مقدار میں پان پراگ، ون ٹو ون چھالیہ و دیگر مضر صحت اشیا برآمد کرلیں۔ نیو پنڈ پولیس نے کارروائی میں دو گٹکا ڈیلرز کو گرفتار گٹکا و دیگر مضر صحت اشیا برآمد کر کے مقدمات درج کرلیے۔ گرفتار ملزمان میں انیس بندھانی شامل ہیں۔ بی سیکشن کی حدود کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران، شراب فروش علی حسن شیخ اور گٹکا فروش مظہر اعوان کو گرفتار، شراب کی بوتلیں، گٹکا برآمد کرلیا گیا۔ روہڑی پولیس نے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران مسافر گاڑیوں میں غیر معیاری سیلنڈرز استعمال کرنے والے ڈرائیورز، منشیات، شراب فروش سمیت 12 ملزمان کو گرفتار کرکے مقدمات درج کرلیے۔ گرفتار ملزمان سے بھاری مقدار میں چرس، شراب، پستول مسروقہ موٹر سائیکل سمیت دیگر سامان برآمد کیا گیا، گرفتار ملزمان میں ربنواز، سرتاج، عمران، قربان سومرو، شاہ نواز شیخ، مشتاق واردات کے ارادے سے کھڑے ملزم فہیم بھٹی، منشیات فروش دانش شیخ، شراب فروش سجن قریشی، رضا مری قیصر، گٹکا، مضر صحت چھالیہ، ڈیلر ندیم آرائیں، سریش مل شامل ہیں۔ سائٹ کی حدود کے مختلف علاقوں میں کارروائیوں کے دوران، مضر صحت چھالیہ ڈیلر اور ناکارہ CNG سیلنڈر کی تنصیب پر ڈرائیور اور جواریوں کو گرفتار کرلیا گیا۔ گرفتار ملزمان میں وحید، نواب، اشرف و دیگر شامل ہیں۔