پورا ملکی معاشی نظام ہی سو د پر مبنی اور فرسودہ ہوچکا ہے،محمد جاوید قصوری

155

لاہور (نمائندہ جسارت) نو منتخب امیر جماعت اسلامی صوبہ وسطی پنجاب محمد جاوید قصوری نے کہا ہے کہ اسٹیٹ بینک کی تازہ رپورٹ نے تحریک انصاف کی حکومت کی کارکردگی کو واضح کردیا ہے۔ حکمرانوں کی بد ترین معاشی پالیسیوں کی بدولت مہنگائی کی شرح میں بے پناہ اضافہ ہوگیا ہے۔ پورا ملکی معاشی نظام ہی سو د پر مبنی اور فرسودہ ہوچکا ہے، اس سے نجات حاصل کیے بغیر معیشت میں بہتری کا کوئی امکان نہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روزمختلف تقریبات سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ مہنگائی، بے روزگاری نے غریب عوام کی زندگی کو اجیرن بنادیا ہے۔ اشیا خورونوش کی قیمتیں آسمان سے باتیں کررہی ہیں، جس کی وجہ سے لوگوں کی قوت خرید بری طرح متاثر ہوئی ہے۔ ریاست مدینہ کا نعرہ لگانے والوں نے سودی معیشت کو اختیار کرکے اپنے تمام دعوئوں کی نفی کردی ہے۔انہوں نے کہاکہ حکمرانوں کی عاقبت نااندیش پالیسیوںاو ر سودی معیشت کی وجہ سے قرضوں پر چلنے والی صنعتیں تباہ ہوگئیں ہیں۔صنعت کار اور تاجر حضرات ظالمانہ ٹیکسز کیخلاف ملک بھر میں سراپا احتجاج ہیں، حکومت فوری طور پر ان کے تحفظات کو سنے اور دور کرے۔ انہوں نے کہا کہ آئی ایم ایف کی سخت ترین شرائط پر عمل در آمد سے عوام کی مشکلات میں اضافہ ہوگیا ہے۔ بجلی، گیس اور پٹرولیم کے نرخوں میں ہوشر با اضافے کے باوجود مزید اضافے کی نوید سنائی جارہی ہے جو کہ عوام کے لیے انتہائی تشویش کا باعث ہے۔ محمد جاوید قصوری نے مزید کہا کہ لاہور میں چند گھنٹوں کی بارش نے انتظامیہ اور ضلعی حکومت کے اقدامات کا پول کھول کر رکھ دیا ہے۔سارالاہور شہر پانی سے بھر گیاہے۔ کئی علاقوں میں تین سے چار فٹ تک پانی ابھی تک کھڑا ہے۔ مارکیٹوں، ہسپتالوں، عدالتوں ، دفاتر اور گھروں میں پانی داخل ہونے سے لوگوں کاکروڑوں روپے کا نقصان ہوچکا ہے۔ ریسکیو ٹیمیں اور ضلعی انتظامیہ بلند بانگ دعوئوں کے برعکس کہیں نظر نہیں آرہیں جبکہ محکمہ موسمیات آئندہ چند گھنٹوں میں مزید بارشوں کی پیش گوئیاں کررہا ہے۔