سوئی گیس کی قیمت میں اضافے سے کارخانے، فیکٹریاں بند ہورہی ہیں

141

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما اور رُکن صوبائی اسمبلی عبدالجبار خان نے کہا ہے کہ سوئی گیس کی قیمتوں میں بے پناہ اضافے کے بعد حیدر آباد کے صنعت کار شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ بڑی تعداد میں کارخانے، فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، جبکہ حیدر آباد کی سب سے بڑی چوڑی کی صنعت گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے تباہی سے دوچار ہے، جس سے ہزاروں افراد بے روزگار ہورہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدر آباد میں بنائی جانے والی چوڑیاں پورے ملک میں سپلائی کی جاتی ہیں اس کاروبار سے ڈھائی سے تین لاکھ افراد جن کا غریب گھرانوں اور متوسط طبقوں سے وابستہ ہیں لیکن گیس کی قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے فیکٹری مالکان نے اپنی فیکٹریاں بند کردی ہیں جس سے کاروبار تباہ ہوگیا ہے اور غریب افراد کے گھر میں نوبت فاقہ کشی تک پہنچ گئی ہے۔ انہوں نے کہاکہ پی ٹی آئی کی حکومت جو غریب عوام کو روزگار فراہم کرنے کے دعوے کرتی ہے لیکن عملاً اس طرح کے حالات پیدا کردیے گئے ہیں وہ برسر روزگار افراد ہیں وہ بھی بے روزگاری کا شکار ہوتے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدر آباد کا صنعتی علاقہ حکومت کی ٹیکس پالیسیوں، بجلی اور گیس کی لوڈشیڈنگ اور قیمتوں میں اضافے کی وجہ سے ویران ہوتا جارہا ہے اور کاروباری سرگرمیاں ختم ہورہی ہیں، جس سے نہ صرف حکومت کو نقصان ہورہا ہے بلکہ عوام بھی مشکلات سے دوچار ہے۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ صنعتوں کے لیے فوری طور پر بجلی اور گیس کے نرخوں میں کمی کی جائے۔