حیسکو کے چند کرپٹ افسران کی وجہ سے سہولیات کا فقدان ہے،ساجن پہنور

234

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) پاکستان واپڈا ایمپلائز پیغام یونین سندھ کے جنرل سیکرٹری محمد ساجن پنہور نے حیدر آباد پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ حیسکو کے چند کرپٹ اور راشی افسران کی ملی بھگت سے حیسکو کمپنی میں ٹی اینڈ پی نام کی کوئی چیز میسر نہیں ہے اور جو ٹی اینڈ پی میسر ہے وہ بھی ناقص ہے اور اُس پر بھی کمیشن لیا جاتا ہے، جس کا بڑا حصہ ہائیڈرو ورکرز یونین کو دیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہائیڈرو یونین کے عہدیدار حادثے کا انتظار کرتے ہیں تا کہ چیک ادائیگی کے وقت سی ای او کے ساتھ ملکر شہید ہونے والے ملازم کے ورثا کے ساتھ فوٹو سیشن کرایا جائے جبکہ حیسکو انتظامیہ ایسے حادثات میں ملوث انجینئرز، ایکسیئن اور ایس ڈی اوز کیخلاف کارروائی کرنے کے بجائے ایک لائن مین کو معطل کر کے اپنی جان چھڑاتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو کے فیڈروں میں معمولی فنی خرابی کے سبب عوام بھی سخت پریشانی کا سامنا کررہے ہیں۔ اس کے علاوہ این ٹی ڈی سی میں بھی کرپشن کی انتہا ہوچکی ہے جو گاڑیاں خراب حالت میں گیراج پر کھڑی ہیں ان گاڑیوں کے لیے بھی تیل جاری کیا جارہا ہے جو کہ ہر ماہ لاکھوں روپے ہے۔ انہوں نے کہا کہ حیسکو میں واپڈا ہائیڈرو یونین کے مرکزی رہنما عبداللطیف نظامانی نے اپنی نواز پالیسی کے تحت رشتہ داروں کو بھرتی کرکے حیسکو کو تباہی کے کنارے پہنچا دیا ہے جبکہ واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین میں شامل ملازمین مختلف علاقوں میں بجلی چوری کرانے میں بھی ملوث ہیں جو کہ 100 فیصد بھتا وصول کرکے آدھا ایس ڈی او اور آدھا لیبر ہال حیدرآباد میں جمع کراتے ہیں اور اس کے سبب ہونے والے لائن لاسز کو پورا کرنے کے لیے غریب عوام پر ڈیڈیکشن لگا کر انہیں پریشان کیا جاتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ان تمام زیادتیوں اور اقربا پروری کیخلاف پاکستان واپڈا ایمپلائز پیغام یونین سندھ کی جانب سے جلد ہی پُرامن احتجاج کرے گی۔ اس موقع پر یونین کے صوبائی چیئرمین علائوالدین قائم خانی، صوبائی سیکرٹری محمد عثمان جونیجو اور صوبائی ڈپٹی چیئرمین محمد صفدر آرائیں بھی موجود تھے۔