حیسکو کی ترقی کے لیے مل کر مزید محنت، لگن سے کام کریں ، عبدالحق میمن

311

حیدر آباد (اسٹاف رپورٹر) حیدر آباد میں حیسکو انتظامیہ اور

CBA کی (JWC) جوائنٹ ورکرز کونسل کی میٹنگ ہوئی جس میں چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن و حیسکو انتظامیہ کے افسران اور آل پاکستان واپڈا ہائیڈرو ورکرز یونین کے مرکزی صدر قائد مزدور عبداللطیف نظامانی وجنرل سیکرٹری خورشید احمد کی سربراہی میں آنے والے وفد نے حیسکو ملازمین کے جائز مسائل کے حل کے بارے میں بریفنگ دی۔ ایجنڈا کے تحت ملازمین کے مسائل جس میں شہید ملازمین کے بچوں کو ملازمت اور تعلیم، صحت، ترقی، ادارے کی طرف سے ملازمین ڈیوٹی پر آنے اور جانے کے لیے سفری سہولت دینے اور ریٹائر ملازمین کو ان کے گھروں کے نزدیک بینکوں میں اکائونٹ کھلوا کر دیے جائیں گے تاکہ ملازمین کو آسانی ہو۔ اس کے علاوہ ایمپلائز سن کوٹا کے تحت ڈیلی ویجز ملازمین کو مستقل کرنے و دیگر مسائل کے حل کے لیے موقع پر ہی احکامات جاری کیے گئے جس پر چیف ایگزیکٹو آفیسر عبدالحق میمن نے کہا کہ آئندہ (BOD) بورڈ آف ڈائریکٹر سے Modify کروا کے جلد از جلد مستقلی کے احکامات دیے جائیں گے۔ اس موقع پر حیسکو چیف نے CBA سربراہ قائد مزدور عبداللطیف نظامانی سے مطالبہ کیا کہ حیسکو کی ترقی کے لیے مل کر مزید محنت، لگن سے کام کریں جس سے ادارے کی ترقی اور ہماری نیک نامی ہوگی ۔ اس کے علاوہ ایجنڈا پوائنٹس کے تحت نان تکنیکی ملازمین کے لیے ٹریننگ پروگرام بھی حیدر آباد میں منعقد کیے جائیں گے۔ جی ایس او کے تمام ڈویژنوں کو حیدر آباد منتقل کیا جائے گا اور ایڈمن اینڈ ایچ آر سیکشن کو ہدایات دی گئی کہ نئی سب ڈویژنوں کے لیے تکنیکی اور نان تکنیکی اسٹاف کی تیار شدہ فہرستیں BOD سے موڈیفائی کرائی جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ حیسکو میں ایڈمن، ایچ آر، کیریئر مینجمنٹ اور سروسز سیکشن کے افسران اپنے فرائض بہت اچھے طریقے سے سرانجام دے رہے ہیں۔ میٹنگ میں جنرل منیجر ٹیکنیکل عبدالستار میمن، چیف آپریٹنگ آفیسر محمد سلیم خان، ڈائریکٹر جنرل ایڈمن اینڈ ایچ آر سید عمران علی عسکری، چیف فنانس آفیسر میڈم حنا تالپور، ایڈیشنل ڈائریکٹر جنرل لیگل اینڈ لیبر لونگ خان، ڈپٹی مینجر CPC (اسٹیبلشمنٹ) فنانس امداد اللہ کلوڑ، CBA کے اقبال احمد قائمخانی، اعظم خان، محمد اقبال، ملک سلطان اور و دیگر بھی موجود تھے۔