ڈاکٹرعافیہ کی وطن واپسی کا مطالبہ ٹوئٹر پر ’’ٹاپ ٹرینڈ ‘‘بن گیا

152

کراچی (اسٹا ف رپورٹر) قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی کا مطالبہ ایک مرتبہ پھر ٹوئٹر پر نمبر1 ’’ٹاپ ٹرینڈ‘‘ بن گیا۔ ٹوئٹر ٹرینڈ شروع ہوتے ہی ہزاروں کی تعداد میں عافیہ موومنٹ کے رضاکار #PakistanAwaitsAafia ہیش ٹیگ کے ساتھ ٹرینڈ میں شامل ہوگئے جس کے باعث ابتدائی چند منٹوں میں ہی ڈاکٹر عافیہ کی وطن واپسی کا مطالبہ’’ نمبر 1‘‘ ٹوئٹر ٹرینڈ بن گیا۔ یہ سلسلہ کئی گھنٹوں رات گئے تک جاری رہا۔عافیہ موومنٹ کی رہنما ڈاکٹر فوزیہ صدیقی نے ڈاکٹر عافیہ کی امریکی حراست سے رہائی اور وطن واپسی کیلیے ٹوئٹر پربھرپورمہم چلانے پر عافیہ موومنٹ کے سپورٹرز سے اظہار تشکر کیا اور انہوں نے امید ظاہر کی وزیراعظم کے دورۂ امریکا سے واپسی پر قوم کو عافیہ کی وطن واپسی کی خوشخبری سننے کو ملے گی ۔عافیہ وطن واپسی ٹوئٹر ٹرینڈ کے دوران انتہائی مختصر وقت میں دنیا بھر سے 27ہزار سے زائد افراد نے رضاکارانہ طور پر حصہ لیا۔ٹوئٹر ٹرینڈ میں حصہ لینے والے زیادہ تر افراد نے اس امید کا اظہار کیا کہ عمران خان ماضی کے حکمرانوں سے مختلف ثابت ہوں گے۔ وہ دورۂ امریکاکے موقع پر قوم کی بیٹی کو فراموش نہیں کریں گے اور ڈاکٹر عافیہ کو وطن واپس لانے کا وعدہ پورا کریں گے ۔