3 سالہ نرسنگ ڈپلوما کی تعلیم بند کرنے کے فیصلے پر نظرثانی کا مطالبہ

140

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پرائیویٹ نرسنگ انسٹی ٹیوشنز ایسوسی ایشن آف پاکستان کے صدر قیوم خان مروت، جنرل سیکرٹری جیمز والٹ نے وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا ہے کہ پاکستان میں نرسنگ کے وسیع تر مفاد میں 3 سالہ نرسنگ ڈپلوما کو جاری رکھتے ہوئے 4سالہ بی ایس سی نرسنگ کی تعلیم و تربیت کے نظام کو بھی بتدریج نافذ کیا جائے ۔ان خیالات کا اظہار ان رہنماؤں نے بدھ کے روز کراچی پریس کلب میں ایک پرہجوم پریس کانفرنس میں کیا۔انہوں نے کہا کہ4سالہ بی ایس سی نرسنگ کی تعلیم کے لیے 3سالہ نرسنگ ڈپلوما کی تعلیم کو بند کرنے کے غیر دانش مندانہ فیصلے پر حکومت فوری نظر ثانی کرے کیوں کہ نرسنگ ڈپلوما پروگرام بند ہونے سے میٹرک پاس سائنس گروپ کے غریب طلبہ کے لیے پروفیشنل ایجوکیشن کا دروازہ ہمیشہ کے لیے بند ہو جائے گا۔ انہوںنے کہا کہ قومی پالیسی ساز ٹاسک فورس اس حقیقت کو پیش نظر رکھے کہ امریکا، یورپ جیسے ترقی یافتہ ممالک کے علاوہ بھارت، بنگلا دیش، فلپائن، عرب امارات و دیگر ممالک میں 3سالہ نرسنگ ڈپلوما نرسنگ کی تعلیم بدستور جاری ہے اوراس کے باوجود وہاں بھی نرسز کی شدید کمی کا سامنا ہے جب کہ ہمارے ملک میں عمومی تعلیم کی صورت حال کا تقاضا بھی یہی ہے کہ ہم دنیا کے ساتھ چلیں ۔