کلبھوشن کیس میں شکست پر بھارتی میڈیا بھی بوکھلاہٹ کا شکار

215

نئی دہلی (آئی این پی) عالمی عدالت انصاف کی جانب سے دہشت گرد کلبھوشن یادیو کے کیس میں بھارت کی شکست پر بھارتی میڈیا بوکھلاہٹ کا شکار رہا اور کلبھوشن کی بریت کی درخواست مسترد ہونے کے باوجود فیصلے کو بھارت کی فتح قرار دیتے ہوئے بغلیں بجانے میں مصروف ہو گیا۔ بدھ کودی ہیگ میں عالمی عدالت انصاف کی جانب سے دہشت گرد کلبھوشن یادیو کے کیس میں بھارت کو جب منہ کی کھانی پڑی تو بھارتی میڈیا بھی بوکھلاہٹ کا شکار ہوگیا۔ کلبھوشن یادیو کی بھارتی بریت کی درخواست مسترد ہونے کے باوجود بھارتی میڈیا فیصلے کو بھارت کی فتح قرار دیتے ہوئے بغلیں بجانے میں مصروف ہو گیا، بھارتی میڈیا کا کہنا تھاکہ کلبھوشن یادیو کی پھانسی روک کر عالمی عدالت انصاف نے میرٹ کی بنیاد پر بھارت کے حق میں فیصلہ دیا ہے، لڑائی ابھی بہت لمبی ہے اور بھارت کو بھی کلبھوشن کو واپس بھارت لانے کے لیے لمبا سفر کرنا پڑے گا ،شروعات اچھی ہو گئی ہیں،اختتام بھی بہت اچھا ہو گا۔ بھارتی ٹی وی این ڈی ٹی وی نے عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کے موقع پر اپنی خصوصی نشریات میں فیصلے کو بھارت کی بڑی سفارتی فتح قراردیتے ہوئے کہا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے کل بھوشن یادیو کی پھانسی کی سزا پر پابندی لگاتے ہوئے پاکستان کو اس فیصلے پر نظر ثانی کرنے اور اس کا جائزہ لینے کا حکم دیا ہے ،پاکستانی ملٹری کورٹ کے فیصلے کو معطل کرنے کا یہ فیصلہ بھارت کے موقف کی واضح جیت ہے۔ دیگر بھارتی نیوز چینلز نے بھی عالمی عدالت انصاف کے فیصلے کو بھارت کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا کہ فیصلہ پاکستانی مؤقف کی شکست ہے ،بھارتی وزیر اعظم نریندرا مودی مبارکباد کے مستحق ہیں کہ ان کے فیصلوں کی وجہ سے آج پورے بھارت میں لوگ خوشیاں منا رہے ہیں۔ واضح رہے کہ عالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے بھارتی جاسوس کی واپسی، رہائی اور فوجی عدالت کا فیصلہ ختم کرنے کی درخواست مسترد کر دی ۔