منظور کاکا اور سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کیخلاف نیب تحقیقات کی منظوری

687
اسلام آباد:چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں
اسلام آباد:چیئرمین نیب جسٹس (ر) جاوید اقبال ایگزیکٹو بورڈ کے اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

اسلام آباد ( نمائندہ جسارت) قومی احتساب بیورو کے ایگزیکٹوبورڈ نے سابق ڈائریکٹر جنرل سندھ بلڈنگ کنٹرول اتھارٹی منظور قادر کاکا ، سابق آئی جی سندھ غلام حیدر جمالی کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی۔ نیب کے ایگزیکٹو بورڈ کا اجلاس چیئرمین جسٹس (ر) جاوید اقبال کی زیر صدارت ہوا۔ اجلاس میں 8 مختلف معاملات اور شخصیات کے خلاف تحقیقات کی منظوری دے دی گئی۔چیئرمین نے ریلوے اور ریونیو ڈپارٹمنٹ کے منظور علی اور لیاقت علی کے خلاف انکوائری کی منظوری دی۔اجلاس میں ایف بی آر اور کے پی ٹی کے افسران اور اہلکاروں کے خلاف بھی انکوائری کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں پیکک کراچی کے ملازمین اور حیدر آباد، جامشورو اور تعلقہ سیہون کے ٹاؤن ناظمین کے خلاف انکوائری کی منظوری دی گئی۔ایگزیکٹو بورڈ نے پی آئی ڈی سی ایل کے 3 افسران و اہلکاروں کے خلاف انکوائری کی منظوری بھی دی۔ افسران و اہلکاروں میں شہزاد ریاض، سکندر راہو پوتو اور شجاع راہو پوتو شامل ہیں۔چیئرمین نیب جاوید اقبال نے اجلا س سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بدعنوانی ملکی ترقی و خوشحالی کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے، نیب بدعنوان عناصر کے خلاف مقدمات کو منطقی انجام تک پہنچانے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لارہا ہے۔علاوہ ازیں نیب راولپنڈی نے عسکری گروپ انویسٹمنٹ پرائیویٹ لمیٹڈ کے چیف ایگزیکٹو افسر نہال خان اور ڈائریکٹر شمشاد علی بلیدی کے خلاف بدعنوانی کاریفرنس دائر کیا ہے۔ملزمان نے غیر قانونی طور پر کاروں اور گھروں کے نام پر سرمایہ کاری کے ذریعے بڑے پیمانے پر لوگوں سے دھوکا دہی سے لاکھو ںروپے کی خرد برد کی۔