فیصلہ بھارت کے لیے ایک اور 27 فروری ثابت ہوا، آئی ایس پی آر

331

راولپنڈی (آئی این پی) ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل آصف غفور نے عالمی عدالت انصاف کے کلبھوشن یادیو کیس سے متعلق فیصلے کو پاکستان کی فتح قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ آج کا دن بھارت کے لیے ایک اور 27 فروری ثابت ہوا، عالمی عدالت میں بھارت کے جھوٹے بیانیے کی شکست ہوئی اور اسے کلبھوشن فیصلے کی شکل میں آج بھی بڑا سرپرائز ملا۔بدھ کو کلبھوشن یادیو کیس کے فیصلے پر رد عمل ظاہر کرتے ہوئے ڈی جی آئی ایس پی آر نے ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے کہاکہعالمی عدالت انصاف نے کلبھوشن کے حوالے سے ایک شاندار فیصلہ دیا ہے جس میں پاکستان کی واضح جیت ہوئی ہے، اللہ کا شکر ہے کہ پاکستان کے عدالتی نظام کو عالمی عدالت انصاف میں سرخرو کیا ہے اس کے لیے ہماری عدالتی ٹیم اور دفتر خارجہ نے بھرپور کام کیا جو تحسین کے مستحق ہیں ، کلبھوشن یادیو کیس میں پاکستان پراعتماد تھا کہ ہمارے پاس ناقابل تردید شواہد موجود ہیں ، اسی لیے ہمیں امید تھی کہ فیصلہ ہمارے حق میں آئے گا، تصدق حسین جیلانی نے تکنیکی بنیادوں پراختلافی نوٹ لکھا اور انہوں نے آئی سی جے کے دائرہ کار پر اپنا مؤقف دیا ہے۔ فوجی ترجمان کا کہنا تھا کہ اس کامیابی پر پاکستانی قوم عدلیہ کا سسٹم، اٹارنی جنرل اور ان کے وکلا کی ٹیم اور دفتر خارجہ سمیت سب خراج تحسین کے مستحق ہیں۔انہوں نے کہا کہ عالمی عدالت میں انڈیا نے 5 مطالبات کیے تھے جو مسترد کردیے گئے۔