لوکل باڈیز کومالی طورپر مستحکم کرنے کا خواہاں ہوں،وزیراعلیٰ سندھ

301
کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ گرین لائن منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں
کراچی:وزیر اعلیٰ سندھ گرین لائن منصوبے سے متعلق اجلاس کی صدارت کر رہے ہیں

کراچی (اسٹاف رپورٹر) سندھ حکومت ورلڈ بینک کی مدد سے آئندہ برس سے 33.6 ارب روپے کا ایک مسابقتی اورپائیدار کراچی شہر کا منصوبہ شروع کررہی ہے جو 5 برس میں مکمل ہوگا۔ یہ بات بدھ کووزیراعلیٰ سندھ نے ورلڈ بینک کے 2 رکنی وفد جس کی قیادت قائم مقام کنٹری ڈائریکٹر مس میلنڈا گوڈس کررہی تھیں کے ساتھ ایک اجلاس کے موقع پر کہی۔اس منصوبے کا مقصد کراچی میٹروپولیٹن کارپوریشن، تمام6ضلعی میونسپل کارپوریشن ،ڈسٹرکٹ کونسل کراچی اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ساتھ شہر میں تفصیلی پراپرٹی سروے کے حوالے سے تعاون کرنا ہے۔صوبائی محکمہ سرمایہ کاری کے ساتھ بھی اس منصوبے کے تحت کاروبار کو سہل بنانے کے حوالے سے مثبت اقدامات اٹھانے کے لیے تعاون کیا جائے گا ۔وزیر اعلیٰ نے چیف سیکرٹری سندھ کوہدایت کی کہ وہ کے ایم سی،ڈی ایم سیز، ضلعی کونسل اور محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن کے ساتھ ایک مشترکہ اجلاس منعقد کریں تاکہ پراپرٹی ٹیکس جمع کرنے کے حوالے سے حکمت عملی وضع کی جاسکے۔انہوں نے کہا کہ میں شہر میں لوکل باڈیز کومالی طورپر مستحکم کرنے کا خواہاں ہوں تاکہ وہ کافی حد تک خود کفیل ادارے بن سکیں۔انہو ں نے کہا کہ اس منصوبے کے تحت متعلقہ لوکل باڈیز کی پراپرٹی ٹیکس جمع کرنے کے حوالے سے استعداد کار میں اضافہ کیاجائے گا۔