محرم الحرام کے فوراً بعد حکومت کا دھڑن تختہ کردیںگے، فضل الرحمن

367

ڈیرہ اسماعیل خان (صباح نیوز) جمعیت علما اسلام کے مرکزی امیر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ محرم الحرام کے فوراً بعد اسلام آباد کو لاک ڈائون کیا جائے گا جس میں عوام ملک کے کونے کونے سے شرکت کریں گے اور اس حکومت کا دھڑن تختہ کرتے ہوئے ملک میں حقیقی جمہوری نظام لایا جائے گا، سازش کے تحت پی ٹی آئی کو پاکستانی قوم پر مسلط کر دیا گیا ہے، عمران خان سازشی قوت کا ایجنٹ ہے جن کا ایجنڈا پاکستان کی معیشت کو بدحال کرنا اور پاکستان کی اساس کو مٹانا ہے، اس ایجنڈے کا تسلسل مشرف دور سے شروع ہوکر موجودہ حکومت کے تسلط تک جاری ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعیت علما اسلام کی ضلعی عاملہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ اجلاس میں 25 جولائی 2019ء کو یوم سیاہ کے حوالے سے پشاور میں منعقدہ ملین مارچ کی کامیابی کے حوالے سے مشاورت کی گئی اور فیصلہ کیا گیا کہ ڈیرہ اسماعیل خان کی 6 تحصیلوں، 74 ویلج کونسلز اور ایک ضلع کونسل سے 200 سے 250 بسوں کا قافلہ پشاور کے ملین مارچ میں شرکت کرے گا اور موجودہ حکومت کی پالیسیوں کے خلاف بھرپور احتجاج کیاجائے گا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ جمعیت علما اسلام نے ہمیشہ حکومت کی ناقص پالیسیوں کو عوام کے سامنے رکھا ہے اور حقیقی معنوں میں پاکستانی اساس اور ملک کی ترقی کی جدوجہد میں اپناکردار ادا کیا ہے۔ جمعیت علما اسلام الیکشن کے نتائج کو پہلے ہی مستردکرچکی ہے اور اس الیکشن کو دھاندلی زدہ قراردے چکی ہے اور اس حوالے سے جے یوآئی پاکستانی سیاست میں کردار ادا کرنے والی جماعتوں سے مسلسل رابطے میں ہے لیکن اقتدار اور پس پردہ قوتوں نے اپوزیشن کو ایک پیج پر لانے سے روکے رکھا ہے جس کا ثبوت غیرآئینی اور قانونی مقدمات بناکر سیاسی پارٹیوں کی قیادت کو بغیر ثبوت کے پھنسایا ہوا ہے اور پابند سلاسل کیا جا رہا ہے۔ جمعیت علما اسلام اپوزیشن کو ایک پیج پر لانے میں کامیاب ہوچکی ہے جس میں ایک رہنما کمیٹی تمام پارٹیوں کی مشاورت سے بنادی گئی ہے جس کے سربراہ اکرم خان درانی ہیں۔