میری بیٹی کے علاج کیلئے انضمام الحق نے ازخود پیسوں کا انتظام کیا،آصف علی کا انکشاف

346

جارح مزاج بلے باز آصف علی نے کہا کہ جب انضمام بھائی کو معلوم ہوا کہ میری بیٹی کینسر میں مبتلا ہے توانہوں نے میری بیٹی کے علاج کیلئےازخود پیسوں کاانتظام کیا ۔

چیف سلیکٹر کے عہدے سے سبکدوش ہونے والے انضمام الحق کے بارے میں قومی کرکٹر آصف علی نے نیا انکشاف کر دیا۔جارح مزاج بلے باز آصف علی نے کہا کہ جب انضمام بھائی کو معلوم ہوا کہ میری بیٹی چوتھے درجے کے کینسر میں مبتلا ہے، تو وہ ذاتی طور پر پی سی بی کے دفتر گئے اور بورڈ حکام سے میری بیٹی کے علاج کیلئے فنڈز کی بات کی اور یہ سب معاملات خود حل کئے۔

ٹوئٹر پر جاری اپنے پیغام میں آصف علی کا کہنا تھا کہ وہ ایک ایسے لیجنڈ ہیں جن کی تعریف الفاظ میں نہیں کی جا سکتی، نوجوان کھلاڑیوں کےلئے گراونڈ کے اندر اور باہر حقیقی معنوں میں رول ماڈل ہیں۔

واضح رہے انضمام الحق کے بطور چیف سلیکٹر کی مدت 30جولائی کو ختم ہو رہی ہے اور انہوں نے گزشتہ روز قذافی اسٹیڈیم لاہور میں شیڈول پریس کانفرنس میں اپنے عہدے سے سکبدوشی کا اعلان کیا تھا ۔