دیامر بھاشا ڈیم سے ملک مستحکم، بجلی، پانی کا بحران ختم ہوجائیگا،چیئرمین واپڈا

176

گلگت (اے پی پی) چیئرمین واپڈا لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ مزمل حسین نے کہا ہے کہ دیامر بھاشا ڈیم بننے کے بعد پاکستان معاشی طور پر مستحکم ہوگا اور ملک میں بجلی اور پانی کا بحران ختم ہوجائے گا۔ چیئرمین واپڈا نے دیامر بھاشا ڈیم کے حوالے سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ دیامر بھاشا ڈیم کے لیے متاثرین نے بے پناہ قربانیاں دی ہیں، ڈیم کی تعمیر وقت کی اہم ضرورت ہے، تھور پاور ہاؤس کو حکومت کے
ساتھ ایم او یو سائن کرنے کے بعد باقاعدہ طور پر فعال کریں گے۔ واپڈا دیامر میں متاثرین کی بحالی کے لیے انقلابی اقدامات اٹھارہا ہے جس سے یہاں کے عوام کی تقدیر بدل جائے گی اور یہاں کے نوجوانوں کو روزگار ملے گا۔ اس سے قبل چلاس کے مقامی ہوٹل میں چیئرمین واپڈا مزمل حسین کو جی ایم واپڈا عامر بشیر چودھری نے دیامر بھاشا ڈیم سے متعلق بریفنگ دی۔ چیئرمین واپڈا کی زیر صدارت اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس بھی ہوا۔ کلکٹر دیامر ڈیم و ڈپٹی کمشنر دیامر امیر اعظم حمزہ نے چیئرمین واپڈا کو متاثرین ڈیم کے مسائل سے آگاہ کیا اور متاثرین کی آبادکاری سے متعلق بات چیت کی۔