عمران خان سے مایوس نہیں ، مدینہ کی ریاست ضرور بنے گی،مولانا طارق جمیل

214

لاہور (مانیٹرنگ ڈیسک ) معروف مبلغ اور تبلیغی جماعت کے رہنما مولانا طارق جمیل سے نجی ٹی وی چینل کے انٹر ویو میں صحافی سلیم صافی نے سوال کیا کہ عمران خان کو ووٹ دینے والے بھی حیران اور مایوس ہیں اور انکے ووٹ گننے والے بھی، کیا آپ بھی مایوس ہیں؟سلیم صافی نے کہا کہ آپ پہلے بھی وزیراعظم عمران خان کی حمایت کرتے رہے ہیں اور الیکشن کے بعد بھی ان کے بارے میں مثبت جواب دے چکے ہیں اور آپ کے نام کو اس حوالے سے استعمال بھی کیا گیا ہے اور اب جبکہ ان کے اپنے ووٹرز ان سے مایوس
ہو چکے ہیں تو کیا آپ بھی عمران خان سے مایوس ہو گئے ہیں؟ سلیم صافی کے اس سوال پر جواب دیتے ہوئے مولانا طارق جمیل نے کہا ہے کہ میں نے ایک چھوٹا سا کلپ ریکارڈ کروایا تھا جسے سیاسی رنگ دیا گیالیکن میں کوئی سیاسی آدمی نہیں ہوں نہ میرا سیاست میں آنے کا ارادہ ہے اور میں تبلیغ کے کام سے منسلک ہوں ، البتہ میں عمران خان سے مایوس نہیں ہوں۔مولانا طارق جمیل نے کہا کہ عمران خان پہلا شخص ہے جس نے مدینہ کی ریاست کا نام لیا ہے اورانہوں نے کہا ہے کہ اللہ چاہے تو ان گئے گزرے حالات میں بھی عمران خان کے ہاتھوں پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنا سکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنایا جا سکتا ہے بس ہمیں جھوٹ اور بدکاری کو چھوڑنا ہو گا۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان کی نیت میں خلوص ہے اس لیے وہ پرامید ہیں کہ پاکستان مدینہ کی ریاست بن سکتا ہے۔سلیم صافی نے سوال کیا کہ آپ کو یہ خلوص اور یہ چیزیں نواز شریف یا یوسف رضا گیلانی میں نظر نہیں آئیں ؟ جس پر مولانا طارق جمیل نے جواب دیا کہ انہوں نے کبھی اس طرح کی بات ہی نہیں کی اور نہ ہی انہوں نے پاکستان کو مدینہ کی ریاست بنانے کا ارادہ ظاہر کیا۔
مولانا طارق جمیل