اسرائیلی جیل میں قید فلسطینی شہید‘ مزید 27 گرفتار

465
لبنان: مقامی وزیر کی پناہ گزینوں کے خلاف شرانگیزی پر فلسطینی تارکین وطن احتجاج کررہے ہیں
لبنان: مقامی وزیر کی پناہ گزینوں کے خلاف شرانگیزی پر فلسطینی تارکین وطن احتجاج کررہے ہیں

مقبوضہ بیت المقدس (انٹرنیشنل ڈیسک) اسرائیلی زندان میں قید فلسطینی شہری قید تنہائی اور غیرانسانی سلوک کے نتیجے میں جام شہادت نوش کر گیا۔ فلسطینی ذرائع ابلاغ کے مطابق فلسطینی شہری انصار طقاطقہ کو نتزان جیل میں قید تنہائی میں ڈلا گیا تھا۔ منگل کو علی الصبح اسے اس کے قید خانے میں مردہ پایا گیا۔ انصار طقاطقہ کو جون میں بیت لحم میں بیت فجار سے حراست میں لیا گیا تھا۔ گرفتاری کے بعد اسے وحشیانہ جسمانی تشدد کا نشانہ بنایا گیا اور اسی حالت میں اسے جیل میں قید تنہائی میں ڈال دیا تھا۔فلسطینی تحریک اسیران نے انصار طقاطقہ کی موت کی ذمے داری صہیونی حکام اور جیل انتظامیہ پرعائد کی ہے، جن کی مجرمانہ غفلت اور غیرانسانی سلوک کے نتیجے میں اسیر کی موت واقع ہوئی ہے۔ دوسری جانبمقبوضہ مغربی کنارے کے جنوبی شہر الخلیل میں ایک یہودی شرپسند نے اپنی گاڑی کی ٹکر سے 7 سالہ فلسطینی بچہ کچل کر شہید کردیا۔ الخلیل شہر میں قائم ادوہ یہودی کالونی کے رہایشی ایک آباد کار نے ترقومیا کے مقام پر ایک 7 طارق ذبانیہ کو کچل ڈالا۔ بچہ سڑک کنارے اپنے گھر کے قریب سائیکل پرجا رہا تھا کہ نشے میں دھت یہودی آبادکار نے اس پرکار چڑھا دی۔ بچے کو شدید زخمی حالت میں اسپتال منتقل کیا گیا، جہاں وہ زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گیا۔ ادھر 24 گھنٹوں کے دوران قابض فوج نے مزید 27 فلسطینیوں کو حراست میں لے لیا۔ منگل کے روز 8 فلسطینیوں کو حراست میں لیا گیا، جب کہ اس سے قبل پیر کو 2 لڑکیوں سمیت 19 فلسطینی شہری اغوا کیا گیا۔ اسرائیلی فوج مغربی کنارے کے مختلف شہروں اور مقبوضہ بیت المقدس میں کئی مقامات پر چھاپے مارے۔ فلسطینی لڑکیوں کی شناخت 25 سالہ شروق البدان اور 17 سالہ روان ابو سنینہ کے ناموں سے ہوئی ہے۔