ملک کے تمام ائرپورٹوں پر مسافروں کے سفری بیگوں کو پلاسٹک میں لپیٹنے کے نرخوں میں کمی

156

کراچی (نمائندہ جسارت) سول ایوی ایشن اتھارٹی نے ملک کے تمام ائرپورٹوں پر مسافروں کے سفری بیگوں کو پلاسٹک میں لپیٹنے کے نرخوں میں 75 فیصد سے 87 فیصد تک کمی کردی ہے ۔ سول ایوی ایشن اتھارٹی کے جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق بڑے بیگ پلاسٹک میں لپیٹنے کے نرخ 400ڑوپے فی بیگ سے گھٹا کر 50روپے کردیے گئے ہیں جبکہ چھوٹے بیگ کے نرخ بھی 200 روپے فی بیگ سے کم کرکے50 روپے فی بیگ کردیے گئے ہیں ۔ یہ نرخ ملک کے تمام ائرپورٹوں پر اندرون ملک اور بیرون ملک مسافروں کے لیے یکساں ہوں گے ۔ واضح رہے کہ ائرپورٹ پر مسافروں کے سامان سے چوری کی شکایات کے بعد تمام مسافروں کے لیے لازمی قرار دیا گیا ہے کہ وہ اپنے سامان کو پلاسٹک میں ضرور لپیٹیں ۔ سی اے اے کے مطابق مذکورہ نرخ مرحلہ وار لاگو ہوںگے اور پہلے مرحلے میں نئے نرخ کو اسلام آباد انٹرنیشنل اٗرپورٹ سے سفر کرنے والے ڈومیسٹک اور انٹرنیشنل مسافروں پر فوری طور پر لاگو ہوں گے۔