ملک میں حکومت کے بدلے کچھ دینا پڑتا ہے‘ سردار اختر مینگل

995

کوئٹہ(آن لائن) بلوچستان نیشنل پارٹی کے سربراہ سردار اختر جان مینگل نے کہا ہے کہ اس ملک میں حکومت کے بدلے کچھ دینا پڑتا ہے، یہاں کچھ لوگ اپنے ضمیر کے بجائے حکومت لینے کے لیے کوششیں کرتے ہیں۔ ہم نے اس دھرتی کے لیے بہت بڑی قربانیاں دی ہیں جس کا صلہ آج عوام نے عام انتخابات میں دے دیا، اب ہماری ذمے داری بنتی ہے کہ ہم عوام کے حقوق کے لیے جدوجہد
کریں۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے پریس کلب میں خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے کہا کہ جو لوگ اقتدار میں آئے وہ بلوچستان کے نام پر اسلام آباد کی منڈیوں میں سودا کیا،ہم کبھی بھی بلوچستان کے حقوق کاسودا نہیں کریں گے، 1988ء سے لے کر 2009ء تک یہاں جوجو حکومتیں رہیں کسی نے بھی بلوچستان کے مفادات کے لیے جدوجہد نہیں کی۔ہم نے بلوچستان کے ایم این ایز کوبتا دیا کہ ہم سب ملکر صوبے کے حقوق کے لیے جدوجہد کریں، بلوچستان کا مسئلہ سیاسی ہے اس مسئلے کو سیاسی طور پر حل کیا جائے اگر کوئی بے گناہ ہے تورہا کیا جائے اگر کوئی ملزم ہے تو نیشنل ایکشن پلان کے تحت ان کو سزا دی جائے۔ انہوں نے کہا کہ جب بھارت سے پکڑے گئے دہشت گرد کو لواحقین کے ساتھ ملاقات ہوسکتی ہے تو یہاں کے لاپتا افراد کے لواحقین کی ملاقات کیوں نہیں ہوسکتی۔ انہوں نے کہا کہ اسپیکر قومی اسمبلی نے بلوچستان کے مسئلے پر ایک کمیٹی بنائی جس میں تمام سیاسی جماعتوں کے ارکان شامل ہیں وہ بلوچستان کادورہ کر کے اس بات کا جائزہ لیں کہ یہاں کی صورتحال کے ذمے دار کون ہیں ۔