جھڈو پولیس کی کارروائیاں، 2 سود خوروں کو گرفتار کرلیا

189

جھڈو (نمائندہ جسارت) جھڈو پولیس کی سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیاں، سود خوروں کو دھر لیا گیا، بااثر منشیات فروش کے کارخانے پر چھاپا، گٹکا اور شراب برآمد۔ جھڈو میں نئے ایس ایچ او کی تعیناتی کے بعد جھڈو پولیس کی سماج دشمن عناصر کیخلاف کارروائیوں میں تیزی آگئی ہے۔ جھڈو پولیس نے مختلف عوامی شکایات پر دو بڑے سود خوروں نیچر اور پھوٹو ریباری کو گرفتار کرلیا تاہم آئندہ سودی کاروبار نہ کرنے کی یقین دہانی پر رہا کردیا۔ دونوں سود خور سرکاری ملازمین کی چیک بکوں کو گروی رکھ کر سود پر سرکاری ملازمین کو بھاری رقم دیتے تھے اور بینک کے عملے سے ملی بھگت کرکے ہر ماہ ان کے اکائونٹ سے رقم نکلوا لیتے تھے۔ پولیس نے ایک دوسری کارروائی میں ایک بااثرشخص کی گٹکا بنانے والی فیکٹری پر چھاپا مار کر 240 گٹکے کی پڑیاں اور بیس لیٹر شراب برآمد کرلی اور گٹکا فیکٹری کے مالک یعقوب بھولیا کیخلاف مقدمہ درج کرلیا، تاہم آخری اطلاعات تک کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔