سجاول،آل سندھ پرائمری ٹیچر دھڑا بندی کا شکار ہوگئی

161

سجاول (نمائندہ جسارت) سندھ میں پرائمری اساتذہ کی سب سے بڑی تنظیم آل سندھ پرائمری ٹیچر ایسوسی ایشن دھڑابندی کا شکارہوگئی ہے ، اور تنظیمی انتخابات دو علیحدہ دھڑوں میں تقسیم ہوگئے ہیں۔ذرائع کا کہناہے کہ پ ٹ الف میں دھڑابندی کے باعث تنظیمی انتخابات میں اساتذہ کے گروپ ایک دوسرے کے سامنے آگئے ہیں ،ڈیڑھ لاکھ پرائمری اساتذہ کی نمائندہ تنظیم پ ٹ الف میں انتخابات کا مرحلہ جاری ہے جس میں چھلگری گروپ اور شفیع سٹھیوگروپ آمنے سامنے ہیں لیکن دلچسپ بات یہ ہے کہ علیحدہ پینلز تشکیل دینے کے بجائے علیحدہ تنظیم بناکے الیکشن کیے جارہے ہیں ، چھلگری گروپ کے اساتذہ ہرجگہ پر اپنے پینل بناکراپنے آپ کو بلامقابلہ قرار دے رہے ہیں جبکہ مخالف شفیع سٹھیوگروپ اپنے علیحدہ گروپ میں اپنے پینل کو بلامقابلہ قرار دے رہے ہیں۔اس طرح ایک تنظیم کے دو علیحدہ دھڑے بن چکے ہیں۔ حیرت انگیز بات یہ ہے کہ دونوں گروپس کے پاس اساتذہ کی ووٹرلسٹ ایک ہی ہے لیکن ہردھڑا اپنے علیحدہ پینل کو بلامقابلا قرار دے رہاہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ سیاسی شخصیات اور بیورو کریسی کی مداخلت سے من پسند پینلز لانے کی کوشش کی وجہ سے اساتذہ آپس میں الیکشن کرانے کے بجائے اپنے اپنے دھڑے بناکراپنے پینل کو بلامقابلہ کامیاب قرار دے رہے ہیںجس سے پ ٹ الف کی تنظیم دودھڑوں میں تقسیم ہوگئی ہے۔ووٹراساتذہ کو معلوم ہی نہیں کہ اصل پ ٹ الف کون سی ہے اور کس کی حمایت کریں۔