اسپیکرقومی اسمبلی کا پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکار

159

اسلام آباد(صباح نیوز) اسپیکرقومی اسمبلی اسد قیصر نے اپوزیشن کی درخواست پر طلب کردہ اجلاس کے لیے گرفتار ارکان کے پروڈکشن آرڈر جاری کرنے سے انکارکردیا، درخواست گزاروں کو اس بارے میں آگاہ کردیا گیا، 29جولائی کے سیشن کے لیے اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے ایک بار پھر پانچوں ارکان کے پروڈکشن آرڈر کی درخواستیں جمع کرائی جائیں گی۔ گزشتہ روز ہائوس بزنس ایڈوائزری کمیٹی کا اجلاس اسپیکر اسد قیصر کی زیرصدارت ہوا،جس میں اپوزیشن جماعتوں نے گرفتار ارکان کے پر وڈکشن آرڈر جاری کرنے کا مطالبہ کیا۔ذرائع کے مطابق اسد قیصر کا کہنا تھا کہ ایک دن کا اجلاس ہے،پروڈکشن آرڈر کا معاملہ آئندہ اجلاس میں دیکھیں گے۔رپورٹ کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس 29 جولائی کو طلب کیا جائے گا جو اگست کے دوسرے ہفتے تک جاری رہنے کا امکان ہے کیونکہ اس دوران پارلیمانی سال مکمل ہو جائے گا جس کے لیے مزید ورکنگ ڈیز درکار ہیں۔قبل ازیںاپوزیشن جماعتوں نے5 ارکان قومی اسمبلی کے پروڈکشن آرڈرز کے لیے اسپیکر کو درخواست دی تھی۔ درخواست اپوزیشن لیڈرشہبازشریف، خرم دستگیر، خواجہ آصف، رانا تنویر، ایاز صادق،راجا پرویزاشرف ،شاہد خاقان عباسی،پیر فضل علی شاہ جیلانی اوردیگر نے جمع کرائی ۔سابق صدرمملکت آصف علی زرداری،راناثناء اللہ،خواجہ سعد رفیق، محسن داوڑ اور علی وزیر کے پروڈکشن آرڈرز جاری کرنے کی درخواست کی گئی کہ منتخب ارکان قومی اسمبلی کی کارروائی میں شرکت سے محروم ہیں جبکہ قواعد کے مطابق اسپیکریاچیئرمین کمیٹی زیرحراست رکن کواجلاس میں شرکت کے لیے بلاسکتے ہیں۔