نواز شریف جیل سے اچھی اور وزیر اعظم بری خبریں سنا رہے ہیں، مریم اورنگزیب

387

اسلام آباد(صباح نیوز) مسلم لیگ(ن)کی ترجمان مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ شہبازشریف کیخلاف اسٹوری پلانٹ کرائی گئی،نواز شریف جیل سے بھی عوام کو اچھی خبر دے رہے ہیں اورسلیکٹڈ وزیراعظم قوم کو روز بری خبریں سنا رہا ہے۔ملتان سکھر موٹروے کی تکمیل پر مریم اورنگزیب نے کہا کہ ملتان سکھر موٹروے کی تکمیل جنوبی پنجاب اور سندھ کے عوام کو مبارک ہو، چین کی حکومت اور کمپنی کو بھی موٹر ویز کا جال بچھانے پرمبارک دیتے ہیں، یہ سی پیک کا سب سے بڑا منصوبہ تھا جو الحمداللہ مکمل ہوگیا۔ 392کلومیٹر طویل موٹروے پاکستان دوستی کا شاہکار ہے،اس کے لیے چین نے فراخدلانہ رعایتی قرض فراہم کیا تھا۔مریم اورنگزیب کا کہنا تھا کہ نواز شریف کا موٹروے کے ذریعے پورے ملک کو جوڑنے کا خواب پورا ہورہا ہے، بے گناہ نواز شریف جیل میں بیٹھ کر بھی عوام کو اچھی خبر دے رہے ہیں اور وزیراعظم ہائوس میں قید سلیکٹڈ وزیراعظم قوم کو روز بری خبریں سنا رہے ہیں، نواز شریف نے اتنے منصوبے لگائے کہ نالائق حکومت ان کا افتتاح کرنے سے بھی ڈر رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ میاں شہباز شریف کے خلاف اسٹوری پلانٹ کروائی گئی۔ ایک نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے اس حوالے سے مزید کہا کہ یہ اسٹوری حکومت نے دی، اس میں شہزاد اکبر کا حوالہ دیا گیا ہے۔مریم اورنگزیب کا یہ بھی کہنا ہے کہ 2دنوں سے تاجروں کا کاروبار بند ہے، مارکیٹوں کو تالے لگے ہوئے ہیں، نالائق اور سلیکٹڈ حکومت کی کارکردگی سب کے سامنے ہے۔
مریم اورنگزیب