عبدالشکور آسی حیدرآباد کے نمائندہ شاعر ہیں، مقررین

363

حیدرآباد(وقائع نگار خصوصی)عبدالشکور آسی حیدرآباد کے نمائندہ شاعر ہیں، چہار بیت ان کا میدان خاص ہے، انہوں نے شاعری میں مقصدی اور تعمیری ادب کو فروغ دیا ہے، ان کے کلام میں برصغیر کی مسلم تہذیب و تمدن جھلکتا ہے،ان خیالات کا اظہار حیدرآباد کے معروف شاعر واجد سعیدی کے شاگرد, بزرگ شاعر,بزم فروغ ادب کے صدر اور چہار بیت کے نمائندہ شاعر عبدالشکور آسی کے مجموعہ کلام “طاقِ امید” کی تقریبِ رونمائی سے مقررین نے اظہارِ خیال کرتے ہوئے کیا۔ کتاب کی تقریب رونمائی بزم فروغ ادب کے زیر اہتمام پریس کلب حیدرآباد میں منعقد ہوئی، تقریب کی صدارت مشہور دانش ور,شاعر اور ماہر تعلیم پروفیسر حبیب ارشد نے کی۔مقررین میں رعنا ناہید رعنا, پروفیسر مرزا سلیم بیگ,ڈاکٹر مسرور احمد زئی اور صدر تھے۔مہمانوں میں شہر کے معزز ین شہر عبدالوحید قریشی, قیوم نصرت,مشتاق احمد خان قمر,پروفیسر ڈاکٹر رفیق احمد خان,عشرت علی خان,یونس عظیم,عابد علی عابد, سیف محمد شیخ, جاوید پارس, عارف رضا,پروفیسر مسعود الرحمن , صابر ایچ راجپوت, فاروق اطہر,پروفیسر حنان, پروفیسر رضی رضوی, فخرالدین کیفی, افضال عظیم, ظفر اقبال , پروفیسر عبدالحنان,رشید سارب,حشام سعید,شفیق الرحمن ,خالد جہانگیر,عارف سومرو, عارف رضا,حسن راشد ودیگر نے بڑی تعداد نے شرکت کی۔الیاس شاہد,شمیم حسنین,فقیر محمد صبح پوٹو ودیگر شعرا نے صاحب تصنیف کو منظوم خراجِ تحسین پیش کیا، پروفیسر حبیب ارشد نے کہا کہ ہماری تہذیب شعروادب میں سانسیں لے رہی ہے. آسی نے شاعری میں اسی روایت کو برقرار رکھا ہے اور فکر وفن کے امتزاج سے با مقصد شاعری کی ہے عام قاری اور ادب کا طالب علم آسی کے کلام کے مطالعے سے نہ صرف محظوظ ہوتا ہے بلکہ فکری لحاظ سے وہ ترقی کی منازل طے کرتا ہے،مرزا سلیم بیگ نے کہا کہ صاحب کتاب ایک منفرد لب و لہجے کے شاعر ہیں. وسیع مطالعے, زندگی کے تجربات و مشاہدات کے سبب ان کے کلام میں متنوع رنگ نظر آتا ہے،ناظم امتحانات مسرور احمد زئی نے کہا کہ عبدالشکور آسی واجد سعیدی کے شاگرد ہیں. استاد اور شاگرد دونوں کا تعلق ریاست ٹونک سے ہے واجد سعیدی اور ریاست ٹونک نے چہار بیت کو متعبر بنانے میں نمایاں کردار ادا کیا ہے. آسی نے استاد کی میراث لے کر چہار بیت کو اپنے خون جگر سے سینچا ہے ان کی شخصیت پر یہی پہلو غالب ہے،اس موقع پر صدرِ تقریب, صاحبِ تقریب اور مہمانِ تقریب کو اجرک اور ہار پہنائے گئینظامت کے فرائض ندیم خانزادہ نے انجام دیے جب کہ بزم کے سیکریٹری سید کاظم حسنی نے اظہارِ تشکر کیا۔