پاکستان اسٹاک میں مندی : سرمایہ کاروں کو ایک کھرب سے زائد کا خسارہ

195

 

کراچی(اسٹاف رپورٹر)پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں کاروباری ہفتے کے پہلے روز پیر کو کاروبار حصص میںاتارچڑھائو کے بعدزبردست مندی رہی اورکے ایس ای 100 انڈیکس 33600،3 3500،33400،3 3300، 33200، 33100 اور33000کی نفسیاتی حدوں سے گرگیا،مندی کے نتیجے میںسرمایہ کاروں کو 1کھرب15ارب6کروڑ روپے سے زائدکا خسارہ ہوا ،کاروباری حجم گذشتہ روزکی نسبت 24.64 فیصدزائدجبکہ86.60فیصد حصص کی قیمتوں میں کمی ریکارڈ کی گئی۔ملکی کرنسی مارکیٹوں میں امریکی ڈالر کے مقابلے میں پاکستانی روپے کی بے قدری،وفاقی بجٹ 2019-20میں ٹریڈرز کے تحفظات ،فروخت کے دبائو اور پرافٹ ٹیکنگ کے باعث مقامی سرمایہ کار تذبذب کا شکار نظرآئے اور سرمایہ کاری سے گریزکیا، جس کے نتیجے میں کاروبار کا آغاز منفی زون میں ہوا، ٹریڈنگ کے دوران ایک موقع پر کے ایس ای100انڈیکس 32895پوائنٹس کی نچلی سطح پر بھی دیکھا تاہم غیرملکی سرمایہ کاروں کی جانب سے مارکیٹ میں نچلی سطح پر آئی ہوئی قیمتوں پر خریداری کے باعث مارکیٹ میں ریکوری آئی جس کے نتیجے میںکے ایس ای100انڈیکس کی 32900کی حد بحال ہوگئی تاہم اتارچڑھائو کا سلسلہ سارادن جاری رہا۔مارکیٹ کے اختتام کے ایس ای100انڈیکس714.14پوائنٹس کمی سے32958.35پوائنٹس پر بندہوا۔کے ایس ای30انڈیکس360.85پوائنٹس کمی سے 15574.00 پوائنٹس،کے ایم آئی30 انڈیکس 1402.05پوائنٹس کمی سے51883.84پوائنٹس جبکہ کے ایس ای آل شیئر انڈیکس420.38پوائنٹس کمی سے 24231.79 پوائنٹس پربندہوا ۔ پیر کو مجموعی طورپر321کمپنیوں کے حصص کا کاروبار ہوا،جن میں سے33کمپنیوں کے حصص کے بھاؤمیں اضافہ،278کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں کمی جبکہ10کمپنیوں کے حصص کے بھاؤ میں استحکام رہا۔ سرمایہ کاری مالیت میں 341 کھرب 15 ارب6کروڑ9لاکھ21ہزار455روپے کی کمی ریکارڈکی گئی،جس کے نتیجے میں سرمایہ کاری کی مجموعی مالیت گھٹ کر66 کھرب 90 ارب 11کروڑ 40لاکھ39ہزار605روپے ہوگئی۔