محکمہ تعلیم نے نجی اسکولوں کی تمام تر معلومات آن لائن کردیں

184

کراچی(اسٹاف رپورٹر)وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے ایک اور انقلابی قدم اٹھالیا ہے اور ان کی ہدایات پر محکمہ تعلیم کی طرف سے والدین کی سہولت کے لیے نجی اسکولز کی تمام تر معلومات اب آن لائن کردی گئی ہیں۔ صوبہ سندھ میں موجود تمام نجی اسکولوں کی رجسٹریشن اور فیس اسٹراکچر کی معلومات کو ڈجیٹلائیز کرکے اسکی ایک الگ سے ویب سائٹ تیار کردی گئی ہے جس کا افتتاح وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے تقریب میں کیا۔افتتاحی تقریب میں سیکرٹری تعلیم قاضی شاہد پرویز، ڈائریکٹر پرائیویٹ اسکولز منسوب صدیقی, رجسٹرار رافیعہ ملاح اور سندھ بھر کے پرائیویٹ اسکولز کے نمائندوں نے بہت بڑی تعداد میں شرکت کی۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے کہا کہ اب کسی بھی والدین کو پرائیویٹ اسکولوں کے فیسوں یا رجسٹریشن سے متعلق معلومات ان کو ایک کلک پر دستیاب ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ اسکولوں کو آن لائن رجسٹریشن کا عمل قابل تعریف ہے۔مجھے خوشی ہے کہ محکمہ تعلیم میں بہتری ہو رہی ہے، یہ تعلیم کی بہتری کے لیے ایک سنگ میل ہے۔ وزیر تعلیم سید سردار علی شاہ نے تمام پرائیویٹ اسکولز کو گزارش کی کہ وہ سب اپنے اپنے اسکولز میں بچوں کے ساتھ ملکر شجرکاری کا سلسلہ شروع کریں۔ سیکرٹری اسکولز قاضی شاہد پرویز نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ یہ ویب سائٹ محکمے کے اپنے ہی افسران نے تیار کی ہے۔ اگر ہم کسی نجی سافٹ ویئر کمپنی کو اسکا ٹھیکا دیتے تو خواہ مخواہ لاکھوں روپے خرچ ہوتے۔