افغان امن عمل سے بھارت کو نکال دیا گیا،پاکستان کی خطے میں حیثیت مستحکم،ٹائمز آف انڈیا

542

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ میں تسلیم کیا گیا ہے کہ پاکستان، امریکہ، روس اور چین طالبان کے ساتھ امن معاہدے کا مسودہ تیار کررہا ہے جبکہ بھارت کو امن مذاکرات سے الگ کردیا گیا ہے۔

بھارت بھی افغان امن عمل میں پاکستان کے کردار کو تسلیم کرنے پر مجبور ہوگیا ہے۔ٹائمز آف انڈیاکی رپورٹ  کے مطابق پاکستان افغان امن عمل میں مرکزی حیثیت اختیار کرچکا ہے،رپورٹ میں کہا گیا کہ پاکستان کی خطے میں جغرافیائی اور سیاسی حیثیت مستحکم ہوئی ہے جبکہ افغانستان کے سیاسی مستقبل میں بھارت کا کردار ختم ہورہا ہے۔اخبار کا مزید کہنا تھا کہ افغانستان کی موجودہ سیاسی صورت حال میں بھارت کوئی کردار ادا نہ کرسکا۔

خیال رہے کہ بھارتی اخبار کی یہ رپورٹ ایک ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب تین روز قبل چین، روس اور امریکہ نے ایک مشترکہ اعلامیے میں اس بات کا اعتراف کیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے پاکستان اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔

امریکی محکمہ خارجہ کی جانب سے جاری ایک مشترکہ اعلامیے میں بتایا گیا کہ افغانستان میں قیام امن کے لیے بات چیت کا عمل افغانوں پر مشتمل ہونا چاہیے۔مشترکہ اعلامیے میں کہا گیا اس بات پر دو رائے نہیں کہ پاکستان افغان امن عمل میں اہم کردار ادا کر سکتا ہے۔