خون میں سگریٹ کے اثرات بھی ملیں تو مجھے کیس سنے بغیر سزا دے دیں،رانا ثنا اللہ

132

پاکستان مسلم لیگ (ن)کے رہنما رانا ثنا اللہ نے کہا ہے کہ میرے خون کا ٹیسٹ کرایا جائے، اگر اس میں سگریٹ کے اثرات بھی مل جائیں تو کیس سنے بغیر ہی سزا دے دیں۔

لاہور میں عدالت پیشی کے موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ میرے خون کا ٹیسٹ کرایا جائے اگر اس میں سگریٹ کے اثرات بھی نکلیں تو کیس سنے بغیر ہی سزا دے دیں اور نالائق اعظم کا بھی بلڈ ٹیسٹ کیا جائے، مجھے ابھی تک کیس کا ریکارڈ نہیں ملا، کل ایک ٹیم نے تفتیش کی ہے، تمام تفصیلات مجھے ابھی تک نہیں دیے گئے، ابھی تک میرا موقف بھی سرکاری طور پر نہیں لکھا گیا۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ میں کسی سہولت نہ ملنے کا شکوہ نہیں کروں گا،جتنا بھی ظلم کرنا ہے کرلیں، میں نے سوچ رکھا ہے کہ پاکستان میں ہی رہنا ہے، میرے حوصلے بلند ہیں مگر مجھ پر دبا ہے، یہ ظلم ہے اور ظلم کی دہائی دینے کی بجائے اسے للکارنا چاہیے، یہ ظالم اپنا عبرتناک انجام بھگتے گا۔

واضح رہے کہ رواں ماہ اے این ایف نے رانا ثنا اللہ کو گرفتار کرکے ان کی گاڑی سے بڑی مقدار میں منشیات برآمد کرنے کا دعوی کیا تھا۔ رانا ثنا اللہ لاہور کی کیمپ جیل میں جوڈیشل ریمانڈ پر ہیں۔