تاجروں کی کامیاب ہڑتال حکومت پرعدم اعتماد ہے ، آفتاب شیرپائو

219

پشاور(آن لائن)قومی وطن پارٹی کے چیئرمین آفتاب احمد خان شیرپائو نے تاجروں کے ملک گیر کامیاب ہڑتال کو پی ٹی آئی حکومت پر عدم اعتماد قرار دیا اور کہا کہ حکومت کی غلط پالیسیوں کی بدولت معاشرے کے تمام طبقات بے چینی کا شکار ہیں۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ تاجروں کی حکومتی پالیسیوں کے خلاف ملک گیر اور بالخصوص صوبائی دارالحکومت پشاور میں پاکستان تحریک انصاف کی اکثریتی ممبران اسمبلی کے باوجود کامیاب اور مثالی ہڑتال نے ثابت کردیا کہ عوام حکومتی پالیسیوں سے نالاں
ہیں۔انہوں نے کہا کہ حکومت کی ہٹ دھرمی اور ناقص پالیسیوں کی بدولت معاشرے کا ہر طبقہ بشمول تاجر،صنعت کار،مزدو راورکسان احتجاج پر مجبور ہیں کیونکہ حکمران ان کے منہ سے آخری نوالہ بھی چھین رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ حکمران عوامی تکالیف اور مشکلات کے خاتمے کی بجائے آئی ایم ایف کی ایما پران پر مختلف اور بلاجواز ٹیکسوں اور مہنگائی کی مدمیں مزید بوجھ ڈال رہے ہیں جس کی وجہ سے ان کی قوت خرید مکمل طور پر جواب دے گئی ہے اور ان کے پاس حکومت کے خلاف سڑکوں پر نکلنے کے علاوہ کوئی چارہ نہیں، سلیکٹڈ وزیراعظم عوامی مفاد اور فلاح کی بجائے آئی ایم ایف کے ایجنڈے پر عمل پیرا ہے جس کی وجہ سے نہ صرف مہنگائی کا طوفان مزید بڑھے گا بلکہ ایسے اقدامات سے ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے ملک کی سالمیت کو آئی ایم ایف کے پاس گروی رکھ دیا ہے۔