عالمی مالیاتی قوتیں پاکستان کو بلیک میل کر رہی ہیں، لیاقت بلوچ

284
راولپنڈی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ عوامی مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہے ہیں
راولپنڈی: نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان لیاقت بلوچ عوامی مارچ کے حوالے سے پریس کانفرنس کررہے ہیں

لاہور(نمائندہ جسارت) نائب امیر جماعت اسلامی پاکستان اور سابق پارلیمانی لیڈر لیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ پاکستان تہ در تہ بحرانوں اور مشکلات سے دوچار ہے ، عالمی مالیاتی اور استعماری قوتیں بلیک میل کر رہی ہیں ، آزادی ، خود مختاری اور قومی عزت و وقار کی حیثیت کمزور ہو رہی ہے ،سیاست ، ریاست اور ذرائع ابلاغ کے درمیان کشیدگی سنگین بحران کا موجب ہے ، عمران سرکار کو ادراک ہی نہیں ، کشیدگی کی آگ بجھانے کے بجائے روزانہ کی بنیاد پر بدکلامی کا تیزاب اور غلط اقدامات کا پیٹرول چھڑکا
جارہاہے ، مہنگائی ، بے روزگاری تباہی لارہی ہے ، تعلیم ، صحت اور شہری سہولتیں مفقود ہورہی ہیں ، قومی سلامتی اور قومی سیاست کے ذمے داران اپنی ترجیحات درست کریں وگرنہ عوامی جذبات کا لاوا پھٹے گا ، انارکی بڑھے گی ، قومی وجود خطرے میں ہے ،ملک گیر کامیاب ہڑتال عوامی جذبات کی ترجمان اور خطرے کی گھنٹی ہے ، جماعت اسلامی کے عوامی مارچ بہت کامیاب ہیں ، مہنگائی ، بے روزگاری اور آئی ایم ایف کی غلامی کے خلاف 19 جولائی کو راولپنڈی میں بڑا عوامی مارچ ہوگا ۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے شہدائے کشمیر کانفرنس اور سندھ ، خیبر پختونخوا اور وسطی پنجاب سے آئے کارکنان کے وفود سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔لیاقت بلوچ نے کہاکہ افغانستان میں امریکی شکست کے ساتھ ہی اس کے پرائم حلیف بھارت اور اسرائیل بھی ناکام ہیں ۔ مسئلہ کشمیر اور فلسطین کے حل کے امکانات بڑھ گئے ہیں لیکن یہی شیطانی قوتیں عالم اسلام میں نیا فساد اور طویل مدت سے حل طلب مسائل کا حل روکنے کی سازشیں کر رہی ہیں ۔ کشمیریوں نے 13 جولائی 1931 ء سے جن قربانیوں کی تاریخ کا آغاز کیا اب یہ لازوال حیثیت اختیار کر گئی ہیں ۔ کشمیریوں کو حق خودارادیت دلانااور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی روکنا عالمی برادری کی ذمے داری ہے ۔ انہوںنے کہاکہ پاکستان کے عوام کشمیریوں کے پشتی بان ہیں ۔ عمران حکومت مودی سے مذاکرات کی منت سماجت کے بجائے سفارتی محاذ پر مضبوطی سے کشمیر کا مقدمہ پیش کرے ۔کشمیری قیادت لاہور کو اپنی سرگرمیوں کا مرکز بنائے ۔