غریب اور مستحق افراد کی خدمت عین عبادت ہے، رفیق منصوری

198

کھڈرو (نمائندہ جسارت) مستحق افراد کی خدمت عین عبادت ہے، خدمت دیانت کے ساتھ الخدمت فائونڈیشن کا امتیازی وصف ہے۔ ان خیالات کا اظہار رفیق منصوری امیر جماعتِ اسلامی ضلع سانگھڑ ، راشد اصغرمنصوری الخدمت کے علاقائی صدر رشید احمد راجپوت، عبدالمجید ملک امیر جماعت اسلامی کھڈرو و دیگر نے الخدمت فائونڈیشن سندھ ریجن کی طرف سے کھڈرو میں معزور افراد کو وہیل چیئر تقسیم کرنے کی ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت فائونڈیشن ملک بھر میں کفالتِ یتامیٰ، آرفن پروگرام ، قربانی پروجیکٹ ایمبولینس سروس سمیت درجن بھر خدمات سر انجام دے رہی ہے، پینے کے میٹھے پانی کے ہینڈ پمپ بھی فراہم کرتی ہے اور یہ سب اس ملک کے مخیر حضرات کے تعاون ہی سے ممکن ہوا ہے، بڑھتی مہنگائی کے مسائل نے عوام کے لیے نان شبینہ کا حصول بھی مشکل تر بنادیا ، حکومت کی غیر متوازن معاشی پالیسیوں سے عوام سخت پریشان و بیزار ہیں، ایسے میں مخیر حضرات کو چاہیے کہ وہ مسحقین کی امداد کے لیے الخدمت فائونڈیشن کے ساتھ بھر پور تعاون کریں، مستحقین کی مدد حقیقت میں تو حکومت وقت کا کام ہے کیونکہ حکومت بے پناہ وسائل سے مالا مال ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی کہیں بھی کسی بھی مستحق فرد کو دیکھیں تو اسے الخدمت فائونڈیشن کے پاس رجسٹر کروا دیں، نیز معاشرے میں مستحقین کی مدد کے لیے شعور پھیلایا جائے، تاکہ کوئی بھی مجبور و بیکس شخص بے بسی کی زندگی نہ گزارے۔ تقریب میں کھڈرو اور قرب و جوار کے 7 مستحق معذور افراد میں وہیل چیئر بھی تقسیم کی گئیں۔ اس موقع پر جماعت اسلامی کے رہنما مشتاق احمد ملک، ڈاکٹر حسنین سجاد، حافظ غلام نبی عباسی بھی موجود تھے۔