خوشحال مزدور ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے

226

رپورٹ : فلک تاج

نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختون خوا کی صوبائی مجلس عاملہ کا سہ ماہی اجلاس زیر صدارت صوبائی صدر طلا محمد پشاور میں منعقد ہوا۔ اجلاس میں صوبائی عاملہ کے ارکان جنرل سیکرٹری فلک تاج ، سوات سے رضا خان یوسفزئی، دیر سے رحمت اللہ، حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے عبدالقیوم خان، ریلوے پریم یونین کے مہر علی ہوتی، نوشہرہ سے اعجاز احمد اعوان، ضلع پشاور کے جنرل سیکرٹری فضل اکبر، حمید الرحمان اور حاجی فدا محمد نے شرکت کی۔ اجلاس سے فلپ مورس پاکستان لمیٹڈ سی بی اے کے حسین احمد قریشی اور انجینئرجان عالم خان پیشگی رخصت پر تھے۔ جبکہ سمیع اللہ خان ، میاں ظہور الحق ، خیبر الامان ایڈوکیٹ اور وحید الحسن غیر حاضر رہے۔اجلاس کا باقاعدہ آغاز تلاو ت کلام پاک سے ہوا۔ تلاوت حاجی فدا محمد نے کی۔اجلاس میں گزشتہ سہ ماہی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا اور جنرل سیکرٹری فلک تاج نے کارکردگی رپورٹ پیش کی جس پر تفصیل سے بحث ہویی اور آئندہ کے لیے اہداف مقرر کیے گئے۔ صوبائی صدر طلا محمد نے کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختون خوا پورے صوبے کے مزدور محنت کشوں کی واحد نمائندہ فیڈریشن ہے جو بغیر کسی ذاتی مفاد کے مزدور حقوق کے حصول کے لیے برسرپیکار ہے۔ آج کا مزدور موجودہ مہنگائی کا مقابلہ نہیں کر سکتا۔ حکومت مدینے کی ریاست کا تصور تو پیش کرتی ہے مگر عملدرآمد میں ناکام ہے۔ حضور نبی کریم نے آج سے ساڑھے چودہ سو سال پہلے مدینے کی ریاست کے بنیادی اصول بتائے تھے کہ مزدور کو اس کی مزدوری پسینہ خشک ہونے سے پہلے دو۔ مزدور پر اس کی قوت سے زیادہ بوجھ نہ ڈالیں۔ ان سے زیادہ مشقت نہ لیں۔ مگر اس حکومت میں مزدور کے ساتھ ہر قسم کے ظلم ہو رہے ہیں۔ نیشنل لیبر فیڈریشن مزدوروں کے استحصال کی ہر سطح پر مذمت کرتی ہے۔ صوبائی جنرل سیکرٹری فلک تاج نے کہا کہ جب تک مزدور محنت کش خوشحال نہیں ہو گا۔ ملک ترقی نہیں کر سکتا۔ کیونکہ خوشحال مزدور ہی خوشحال پاکستان کی ضمانت ہے۔ فلک تاج نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام کے نفاذ میں ہے۔ نیشنل لیبر فیڈریشن خوشحال اور اسلامی پاکستان کے حصول کے لیے اپنی جدوجہد جاری رکھیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک کی تمام سیاسی جماعتیں اپنی بقا کے لیے لڑ رہی ہیں جبکہ صرف جماعت اسلامی ہی واحد جماعت ہے جو پاکستان کے عوام کے حقوق کی بات کرتی ہے۔ اجلاس میں نیشنل لیبر فیڈریشن کی گولڈن جوبلی تقریبات کے حوالے سے پروگرامات ترتیب دیے گئے اور اس مہینے آنے والے یوم خندق کے حوالے سے بات ہوئی۔اجلاس میں بلدیاتی اداروں کے اندر نیشنل لیبر فیڈریشن کے کام کو فعال کرنے اور یونین سازی کے حوالے سے تفصیل سے بات ہوئی۔ اجلاس میں صوبائی اور ضلعی صدور کا انتخاب عمل میں لایا گیا۔صوبائی سینئر نائب صدر کے لیے مہر علی ہوتی جبکہ صوبائی نائب صدر کے لیے حمید الرحمان کا انتخاب ہوا۔ نو منتخب صوبائی نائب صدور سے صوبائی صدر طلا محمد نے حلف لیا۔ حلف برداری کے بعد اجلاس سے خطاب کرتے ہوے مہر علی ہوتی نے کہا کہ ہم ان شاء اللہ نیشنل لیبر فیڈریشن کو پاکستان کی صف اول کی فیڈریشن بنانے میں اپنا کلیدی کردار اد ا کریں گے۔ اس موقع پر نو منتخب صوبائی نائب صدر حمید الرحمان نے کہا کہ ہم مزدور حقوق کے حصول کے لیے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔اجلاس میں ضلعی صدرو کا انتخاب بھی عمل میں لایا گیا۔ ضلع پشاور کے صدر صاحب شاہ مجبور، سوات کے رضا خان یوسفزئی، دیر کے رحمت اللہ حیات آباد انڈسٹریل اسٹیٹ کے عبدالقیوم، صوابی کے حسین احمد قریشی اورضلع نوشہرہ کے لیے انجینئر جان عالم خان کا انتخاب ہوا۔ نو منتخب صدور نے صوبے کے مزدور محنت کشوں کے حقوق کے حصول کے لیے مصمم ارادے کا اظہار کیا۔ اور نیشنل لیبر فیڈریشن خیبر پختونخوا کے کام کو مزید فعال بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ ضلع پشاور کے کام کو بہتر اور منظم طور پر سر انجام دینے کے لیے فضل اکبر کو بطور جنرل سیکرٹری تعینات کیا گیا۔اس موقع پرحاجی اعجاز احمد اعوان نے کہا کہ ہمارے لیے یہ سعادت کا مقام ہے کہ ہمارے صوبائی صدر طلا محمد رمضان میں عمرہ کی سعادت حاصل کر کے آئے ہیں ان کے ساتھ حاجی فد محمد نے بھی عمرہ کیا۔ اعجاز احمد اعوان نے دونوں کو عاملہ کی طرف سے اس مبارکباد دی اور دعا کی کے اللہ تعالیٰ اس مملکت پاکستان پر اپنی خصوصی عنایات کی بارش کر دے اور نیشنل لیبر فیڈریشن کو مزدور محنت کشوں کے لیے نجات دہندہ بنائیں۔ اجلاس کا باقاعدہ اختتام اجتماعی دعا پر ہوا۔ اجتماعی دعا رحمت اللہ نے کی۔