محنت کشوں کو حقوق کے لیے بیدار ہونا ہوگا، محمد حسین محنتی

251

رپورٹ :شکیل شیخ

عالمی سرمایہ دارانہ اور سودی نظام نے ملک کی معیشت کو تباہ وبرباد کردیا ہے ۔ملک میں بڑھتی ہوئی مہنگائی نے غریبوں کو دیوار سے لگا دیا ہے۔ موجودہ حکومت نے اپنے ایک سال میں ہی اپنی مقبولیت کو کھو دیا ہے۔ محنت کشوں کو اپنے حقوق کے حصول کے لیے عملی طور پر بیداری کا ثبوت فراہم کرنا ہوگا ۔این ایل ایف محنت کشوں کو جرات و ہمت فراہم کرے۔ یہ بات جماعت اسلامی سندھ کے امیر سابق رکن قومی اسمبلی محمد حسین محنتی نے قبا آڈیٹوریم میں نیشنل لیبر فیڈریشن صبہ سندھ کی مجلس عاملہ کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ اس موقع پر این ایل ایف پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی، سیکرٹری جنرل شاہدایوب خان، این ایل ایف کے نائب صدرظفر خان، ایسوسی ایٹ سیکرٹری خالد خان، این ایل ایف سندھ کے صدر سید نظام الدین شاہ، سیکرٹری شکیل شیخ ،این ایل ایف کراچی کے صدرعبدالسلام ،جنرل سیکرٹر ی قاسم جمال ،این ایل ایف سکھر کے صدر شہزادو پہنور ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔محمد حسین محنتی نے کہا کہ دنیا میں جہاں بھی تبدیلی اور انقلاب آتے ہیں وہ محنت کشوں اور مزدورں کسانوں کے ذریعے ہی آتے ہیں۔
تبدیلی کا نعرہ لگانے والو نے قوم کو دھوکہ دیا ہے اور وہ بھی عالمی ساہو کاروں کا حصہ بن گئے ہیں اور قوم کا گلا کاٹا جا رہا ہے، ملک میں افرا تفری ہے۔ تاجر برادری ملک میں ہڑتال کر رہی ہے ۔حکمراں کسی کی بات سننے کو بھی تیار نہیں ہیں اور پورا ملک آئی ایم ایف کو ٹھیکے پر دے دیا گیا ۔آئی ایم ایف کے کارندے اپنے مفادات کیلئے پاکستان کو تباہ کر رہے ہیں۔ بھوک، غربت افلاس غریبوں کا مقدر بن گئی ہے ۔ان حالات میں محنت کشوں پر بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ ملک میں حقیقی تبدیلی کیلئے اپنا کردار ادا کریں اور ظلم کے نظام خاتمہ کریں ۔نیشنل لیبر فیڈریشن پاکستان کے مرکزی صدر شمس الرحمان سواتی نے اپنے خطاب میں کہا کہ نیشنل لیبر فیڈریشن کا اپنا ایک شاندار ماضی ہے اور سندھ میں ہمیشہ این ایل ایف کا کام مثالی رہا ہے ۔ضرورت اس امر کی ہے کہ اس کام میں بہتری پیدا کی جائے۔یہ سال این ایل ایف کی گولڈن جوبلی کا سال ہے اور پورے ملک میں گولڈن جوبلی کے پروگرامات منعقد ہونگے ۔انھوں نے کہا کہ سندھ میں بھی محنت کشوں کی ابتر صورت حال ہے اور محنت کشوں کے ادارے کرپشن اور لوٹ مار کا گڑھ بنے ہوئے ہیں ۔صنعتی علاقوں میں محنت کشوں کو کم از کم اجرت ادا نہیں کی جارہی ہے اور ٹھیکہ داری نظام کے خاتمے کے باوجود یہ نظام موجود ہے اور محنت کشوں کا استحصال کیا جارہاہے۔ این ایل ایف سندھ کے صدر سید نظام الدین شاہ نے کہا کہ این ایل ایف سندھ کے غریب محنت کشوں کیلئے آواز اٹھا رہی ہے ۔سندھ ماڑی گیس ،چوڑی کی صنعت اور مائینزسیکٹر میں محنت کشوں کا استحصال ہو رہا ہے ۔شکیل شیخ نے کہا کہ محنت کش ہی ملک میں تبدیلی لائینگے اور ملک سے استحصالی نظام کا خاتمہ کیا جائیگا۔