ٹرمپ انتظامیہ ترکی کے خلاف پابندیوں کے پیکج پر متفق ہوگئی

213

واشنگٹن(صباح نیوز) بلومبرگ نیوز ایجنسی کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ ترکی کی سرزنش کے لیے پابندیوں کے پیکج پر متفق ہو گئی ہے۔ یہ اقدام روس سے S-400 دفاعی میزائل سسٹم کے حصے وصول کرنے کے جواب میں کیا جا رہا ہے۔ پابندیوں کے منصوبے کا اعلان آئندہ دنوں میں کر دیا جائے گا۔ ٹرمپ انتظامیہ نے امریکا کے دشمنوں کے انسداد سے متعلق ایکٹ کے تحت اقدامات کے 3 مجموعوں میں سے ایک مجموعے کا انتخاب کر لیا ہے۔ تاہم اختیار کیے گئے مجموعے کی نشان دہی نہیں کی گئی ہے۔ایک ذریعے نے بلومبرگ کو بتایا کہ ٹرمپ انتظامیہ آئندہ ہفتے کے اواخر میں پابندیوں کے اعلان پر متفق ہو گئی ہے۔ انتظامیہ چاہتی ہے کہ یہ اعلان پیر 15جولائی کے بعد کیا جائے کیوں کہ اس روز ترکی کے صدر رجب طیب اردون کے خلاف 2016ء میں انقلاب کی ناکام کوشش کے تین سال پورے ہو رہے ہیں۔