امریکی تجارتی پالیسیاں یورپی معیشت کے لیے سنگین خطرہ ہیں ، یورپی کمیشن

370

برسلز (اے پی پی) امریکا اور یورپ کے درمیان تجارتی کشیدگی کے پیش نظر یورپی کمیشن نے واشنگٹن کی تجارتی پالیسیوں کو براعظم یورپ کی معیشت کے لیے سنگین خطرہ قرار دیا ہے۔ یورپی کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ امریکا کی تجارتی پالیسیاں یورپ کی معیشت میں غیر متوقع گراوٹ کا سبب بن رہی ہیں۔ امریکی حکومت نے جولائی کے اوائل میں کہا تھا کہ یورپی ملکوں کی جانب سے ایئربس کمپنی کو غیر قانونی طور پر سبسڈی فراہم کرنے کی وجہ سے یورپی یونین کے رکن ملکوں سے منگائی جانے والی 4 ارب ڈالر مالیت کی اشیا پر عائد ٹیکسوں میں مزید اضافہ کیا جارہا ہے۔ قبل ازیں اپریل میں بھی امریکا نے دھمکی دی تھی کہ یورپی یونین سے اکیس ارب ڈالر مالیت کی اشیا پر خصوصی کسٹم ڈیوٹی وصول کی جائے گی کیونکہ یورپی یونین ایئر بس کمپنی کی غیر قانونی مالی حمایت کر رہی ہے۔ یورپی کمیشن نے بھی جوابی اقدامات کے طور پر امریکا سے منگائی جانے والی اشیا کی ایک فہرست تیار کی ہے جس میں گاڑیوں کے فاضل پرزہ جات، ہیلی کاپٹر اور منجمد سمندری اشیاء شامل ہیں۔