پاکستان سمیت عالمی طاقتیں افغانستان میں سیز فائر چاہتی ہیں،زلمے خلیل زاد

196

واشنگٹن(صباح نیوز)امریکی نمائندہ خصوصی برائے افغانستان زلمے خلیل زاد نے کہا ہے کہ پاکستان سمیت امریکا، روس اور چین نے افغانستان میں پائیدار امن کی ضرورت اور مستقل سیز فائر کی حمایت کا اظہار کیا ہے۔ اتوار کو امریکی نمائندہ خصوصی زلمے خلیل زاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے ایک پیغام میں کہا کہ ہم نے تشدد میں کمی کی ضرورت پر رضامندی کا اظہار کیا ہے تاہم بین الافغان مصالحتی عمل کے ساتھ ساتھ جامع اور مستقل سیز فائر کے عمل کا آغاز بھی ہونا چاہیے۔ ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم اس معاملے میں مزید وسعت پیدا کرنے پر رضامند ہیں، اس فورم میں مزید بین الاقوامی طاقتوں کو شامل کیا جائے گا۔انہوں نے اس امید کا اظہار کیا کہ طالبان اور کابل حکومت کے درمیان ہونے والے مذاکرات امن کی جانب جائیں گے۔ زلمے خلیل زاد کا کہنا تھا کہ ایک جامع پروگرام پر مشتمل ایک فریم ورک تیار کیا جائے گا جو سیاسی مستقبل کے لیے ہوگا جو تمام افغانیوں کے لیے قابل قبول بھی ہوگا۔خیال رہے کہ رواں ہفتے کے آغاز میں ہی امریکا کے نمائندہ خصوصی نے بین الاقوامی برادری کو یقین دہانی کرائی تھی کہ واشنگٹن افغانستان کو برے حالات میں چھوڑ کر راہ فرار اختیار نہیں کر رہا۔ اپنے ایک وڈیو پیغام میں ان کا کہنا تھا کہ امریکا تمام اسٹیک ہولڈرز اور بین الاقوامی طاقتوں کے ساتھ مل کر افغانستان میں امن قائم کرنے کے لیے اتفاق رائے پیدا کرنے کے لیے کام کر رہا ہے۔