مقبوضہ کشمیر کیلیے اقوام عالم کی خاموشی مجرمانہ فعل ہے، وزیراعظم آزاد کشمیر

241

بارسلونا (صباح نیوز) وزیراعظم آزاد کشمیر راجا فاروق حیدر خان نے کہا ہے کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں حق آزادی کیلیے اٹھنے والی آواز کو دبانے کیلیے بدترین مظالم ڈھا کر جنگی جرائم اور جنیوا کنونشن کی خلاف ورزی کا مرتکب ہو رہا ہے، حریت قیادت سمیت آزادی کیلیے آواز بلند کرنے والوں کو پابند سلاسل کردیا جاتا ہے، بھارتی سیکورٹی فورسز کشمیری خواتین کو جنسی درندگی کا نشانہ بنا رہی ہیں، عالمی برادری کو اقوام متحدہ کی قرادادوں کے مطابق کشمیری عوام کو حق آزادی دلانے کیلیے اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اسپین کی رکن نیشنل اسمبلی میرس پیرایا سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر وزیراعظم کے ساتھ ان کے پرنسپل سیکرٹری امجد پرویز علی خان، کشمیر کونسل برسلز کے چیئرمین علی رضا سید، پی ایس او طاہر ممتاز، ایڈیشنل پی ایس او راجا ارشد محمود و دیگر بھی موجود تھے۔ وزیراعظم راجا فاروق حیدر کا ہسپانوی رکن اسمبلی میرس پیرایا و دیگر نے گرمجوشی سے استقبال کیا۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے ہسپانوی رکن اسمبلی کو مسئلہ کشمیر کی تاریخی حیثیت، مقبوضہ کشمیر میں بھارتی افواج کی طرف سے انسانی حقوق کی سنگین پامالیوں اور جنگی جرائم کے ارتکاب، بھارتی قابض افواج کی جانب سے نہتے شہریوں پر کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال، دوران حراست شہریوں کی ہلاکت سے متعلق تفصیلی آگاہ کیا۔ رکن پارلیمنٹ میرس پیرایا نے وزیراعظم آزادکشمیر کو یقین دہانی کرائی کہ وہ پارلیمنٹ کے انسانی حقوق کمیشن، خارجہ تعلقات کے کمیشن اور دفتر خارجہ کے ساتھ بھی اس دیرینہ مسئلے کو اٹھائیں گی جبکہ ہسپانوی پارلیمنٹ میں بھی زیر بحث لائیں گی اور مختلف سطح پر کشمیریوں کی جدوجہد کی اخلاقی حمایت کیلیے لابنگ کے علاوہ دیگر ارکان پارلیمنٹ سمیت ارکان یورپی پارلیمنٹ کو بھی مسئلہ کشمیر کی حساسیت سے آگاہ کریں گی تاکہ وہاں بھی انسانی حقوق کی پامالیوں کا نوٹس لیا جاسکے۔ معزز رکن ہسپانوی پارلیمنٹ میرس پیرایانے آزادکشمیر دیکھنے کی خواہش کا اظہار کیا تاکہ کشمیر کی صورتحال کو قریب سے دیکھ سکیں جس کو وزیراعظم نے سراہا جبکہ ہسپانوی رکن پارلیمنٹ نے بھی وزیراعظم آزادکشمیر کو نومبر میں دوبارہ اسپین کے دورہ کی دعوت دی۔ وزیراعظم آزاد کشمیر نے مزید کہا کہ عالمی قوانین کے مطابق اگر کوئی فرد یا گروہ جان بوجھ کر اس قسم کے جرائم کا مرتکب ہو تو عالمی برادری کی ذمے داری ہے کہ جنگی جرائم کے ٹربیونل قائم کرکے ایسے افراد کے خلاف باقاعدہ مقدمات چلائے اور انہیں قرار واقعی سزا دے۔ جو دہشت گردی کے پہاڑ مظلوم کشمیریوں پر توڑے جارہے ہیں اس کو تمام دنیا بے رحمی سے دیکھ بھی رہی ہے اور برداشت بھی کر رہی ہے اور بھارت کے معاملے میں اقوام متحدہ اور ترقی یافتہ ممالک و انسانی حقوق کے محافظ خاموش بیٹھے ہیں جو کہ ایک مجرمانہ فعل ہے۔